بیٹے کی ویب سیریز کے مقدمے میں شاہ رخ خان اور اہلیہ کو نوٹسز جاری
بھارتی دارالحکومت کی دہلی ہائی کورٹ نے نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کے سابق ممبئی زونل ڈائریکٹر سمیر وانکھیڑے کی طرف سے دائر کردہ ہتک عزت کے مقدمے میں شاہ رخ خان اور گوری خان کی پروڈکشن کمپنی ریڈ چلیز انٹرٹینمنٹ اور دیگر کو سمن جاری کردیا۔
بھارتی نشریاتی ادارے ’این ڈی ٹی وی‘ کے مطابق سمیر وانکھیڑے کے درخواست پر عدالت نے ریڈ چلیز انٹرٹینمنٹ اور دیگر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ایک ہفتے کے اندر اپنے جوابات جمع کروانے کا حکم دے دیا۔
عدالت نے شاہ رخ خان اور گوری خان سمیت دیگر فریقین کو ایک ہفتے جب کہ درخواست گزار کو اس کے بعد 3 دن میں جوابی درخواست دینے کا حکم دے دیا۔
درخواست گزار کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ تمام مدعا علیہان کو درخواست کی کاپی فراہم کرے، فریقین کی جانب سے جوابات جمع کرائے جانے کے بعد کیس کی سماعت 30 اکتوبر کو ہوگی۔
کورٹ نے درخواست گزار کو فوری ریلیف دینے سے انکار کیا اور 10 دن بعد دوبارہ پیش ہونے کو کہا۔
اس سے قبل 26 ستمبر کو کورٹ نے سمیر وانکھیڑے کے ہتک عزت کے مقدمے کی سماعت کی تھی جو نیٹ فلیکس، ریڈ چلیز انٹرٹینمنٹ اور دیگر کے خلاف ویب سیریز ’دی باسٹرڈز آف بولی ووڈ‘ پر دائر کیا گیا تھا۔
سمیر وانکھیڑے نے آریان خان کی ہدایت کاری میں بننے والی نیٹ فلکس سیریز ’دی باسٹرڈز آف بالی ووڈ‘ کے خلاف دہلی ہائی کورٹ میں 2 کروڑ روپے کا ہتک عزت کا مقدمہ دائر کیا تھا۔
سابق این سی بی افسر نے دعویٰ کیا کہ ویب سیریز ان کی ساکھ کو نقصان پہنچا رہی ہے، کیوں کہ مذکورہ سیریز میں ان جیسے افسر کے کردار کو منفی انداز میں پیش کیا گیا ہے اور اس سے منشیات کے خلاف قانون نافذ کرنے والے اداروں پر عوامی اعتماد کم ہوتا ہے۔
آریان خان نے حال ہی میں ’دی باسٹرڈز آف بالی ووڈ‘ نامی ویب سیریز سے بطور ہدایت کار کیریئر کا آغاز کیا تھا۔
مذکورہ ویب سیریز میں ایک منظر میں ایک نارکوٹکس افسر کو بولی ووڈ پارٹی میں چھاپہ مارتے دکھایا گیا ہے، جو قومی نعرے بھی لگاتا ہے لیکن دوسرا کردار مذکورہ افسر کو توہین آمیز اشارہ بھی کرتا ہے۔
این سی بی کے سابق افسر کا دعویٰ ہے کہ مذکورہ منظر ہندوستانی آئین کے تحت توہین کے زمرے میں آتا ہے۔
ویب سیریز کے ایک اور منظر میں مذکورہ افسر ایک شخص کو سگریٹ پیتے پکڑ کر لیکچر دیتا ہے اور ایک اداکار کو تھپڑ مارتا ہے، جو کہ این سی بی افسر کے خیال میں انہیں دیکھ کر بنایا گیا اور اسی کردار میں ان کی توہین کی گئی۔
مذکورہ افسر 2021 کے ایک مشہور کروز ڈرگ کیس میں آریان خان کی گرفتاری کے دوران این سی بی ٹیم کا حصہ تھے۔
سال 2021 میں این سی بی ٹیم نے ایک کروز شپ پر چھاپہ مارکر آریان خان اور دیگر بولی وڈ شخصیات کے بچوں اور لڑکیوں کو گرفتار کیا تھا اور دعویٰ کیا تھا کہ مذکورہ شپ پر آریان خان نے منشیات پہنچائی، انہوں نے ہی ڈرگ پارٹی منعقد کی۔
مذکورہ کیس میں آریان خان کو جیل بھی جانا پڑا تھا اور وہ متعدد دن جیل میں رہے تھے، بعد ازاں انہیں ضمانت پر رہا کیا گیا تھا لیکن تاحال ان کے کیس کے تمام فیصلے سامنے نہیں آ سکے، متعدد کیسز زیر التوا ہیں۔












لائیو ٹی وی