ہم ایوارڈز میں یاسر حسین اور حریم فاروق کی گفتگو پر سجل علی کا ردعمل، ویڈیو وائرل

شائع October 13, 2025
—فوٹو: ریویو پی کے
—فوٹو: ریویو پی کے

امریکا کے شہر ہیوسٹن میں ہونے والی ہم ایوارڈز کی تقریب کے دوران اداکارہ سجل علی، یاسر حسین اور حریم فاروق کے درمیان اسٹیج پر ہونے والا لمحہ سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بن گیا اور سجل علی کے ردعمل کی ویڈیو تیزی سے وائرل ہوگئی۔

12 اکتوبر کو امریکا کے شہر ہیوسٹن میں دسویں اہم ایوارڈز کی رنگا رنگ تقریب منعقد ہوئی، جس میں شوبز ستاروں نے اپنی شاندار پرفارمنسز سے محفل کو چار چاند لگا دیے۔

تاہم، تقریب کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئی، جس نے صارفین کی توجہ اپنی جانب مبذول کرلی۔

وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اداکار یاسر حسین اور حریم فاروق تقریب کی میزبانی کے فرائض انجام دے رہے تھے، اس دوران وہ مشہور ڈرامے کا ایوارڈ دینے کے لیے سجل علی کے ہمراہ ایک سینئر آفیشل کو اسٹیج پر مدعو کرتے ہیں۔

ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا گیا کہ جب سجل علی سینئر آفیشل کے ساتھ اسٹیج پر پہنچتی ہیں تو یاسر حسین اور حریم فاروق گفتگو میں مصروف رہتے ہیں، سجل علی جب چند سیکنڈز تک خاموش رہتی ہیں تو حریم فاروق انہیں بولنے کے لیے کہتی ہیں۔

اس پر سجل علی تھوڑا توقف کرتے ہوئے کہتی ہیں کہ پہلے آپ لوگ بول لیں، جواب میں یاسر حسین اور حریم فاروق کہتے ہیں کہ نہیں، ہمارا ہو گیا، اب آپ بولیں۔

سجل علی جواب میں دوبارہ کہتی ہیں کہ دیکھ لیں کہیں اسکرپٹ میں کچھ رہ نہ گیا ہو، جس پر یاسر حسین ہنستے ہوئے کہتے ہیں، لائنے کون دیکھ رہا ہے۔

بعدازاں جب سجل علی اور ان کے ساتھ موجود آفیشل ایوارڈ کا اعلان کر رہے ہوتے ہیں تو حریم فاروق درمیان میں دوبارہ ایوارڈ کے حوالے سے کچھ بولنے کی کوشش کرتی ہیں، جس پر سجل علی انہیں مخاطب کرتے ہوئے کہتی ہیں کہ حریم یہ کچھ کہنا چاہتے ہیں۔

ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد صارفین کی جانب سے اس پر مختلف آرا سامنے آرہی ہیں۔

بعض صارفین کا خیال ہے کہ یاسر حسین کا اندازِ گفتگو سجل علی کو برا لگا ہوگا، اگرچہ ایوارڈ شوز میں مزاح کا عنصر ہونا چاہیے، لیکن اس بات کا خیال رکھنا ضروری ہے کہ کسی کا دل نہ دکھے۔

دوسری جانب کچھ صارفین کا کہنا ہے کہ سجل علی بلاشبہ ایک بہترین اداکارہ ہیں، تاہم ان کا رویہ اکثر غیر معمولی محسوس ہوتا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 12 نومبر 2025
کارٹون : 11 نومبر 2025