غزہ امن معاہدے پر شہباز شریف اور ’اپنے پسندیدہ‘ فیلڈ مارشل عاصم منیر کا شکریہ ادا کرتا ہوں، ٹرمپ

شائع October 13, 2025
— فوٹو: اسکرین گریب / وائٹ ہاؤس ٹی وی
— فوٹو: اسکرین گریب / وائٹ ہاؤس ٹی وی
— فوٹو: اے ایف پی
— فوٹو: اے ایف پی
— فوٹو:
— فوٹو:

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شرم الشیخ امن سربراہی اجلاس میں اسرائیل اور حماس کے درمیان غزہ امن بندی معاہدے پر دستخط کی تقریب کے بعد خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اور ’اپنے پسندیدہ‘ فیلڈ مارشل عاصم منیر سمیت کئی عالمی رہنماؤں کا غزہ میں امن قائم کرنے کی کوششوں پر خاص طور پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔

ٹرمپ مصر میں شرم الشیخ امن سربراہی اجلاس کے دوران اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی معاہدے پر دستخط کے بعد منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے، انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کو بھی تقریب میں خصوصی خطاب کی دعوت دی۔

خطاب کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے ڈونلڈ ٹرمپ اور مصری صدر کا امن معاہدہ طے کرانے کی کوششوں پر شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آج غزہ کے عوام کیلئے تاریخی دن ہے کیونکہ انتھک کوششوں کے بعد امن حاصل کرلیا گیا ہے۔ یہ کوششیں صدر ٹرمپ کی قیادت میں کی گئیں جو حقیقتاً امن کے علمبردار ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے صدر ٹرمپ کو امن کے نوبیل انعام کے لیے نامزد کیا تھا، اور آج میں ایک بار پھر صدرٹرمپ کونوبیل انعام دینے کے لیے درخواست کرتا ہوں کیونکہ وہ اس انعام کے حقیقی حقدار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ نے نہ صرف جنوبی ایشیا میں امن قائم کیا بلکہ لاکھوں کی زندگیاں بچائیں، اور آج شرم الشیخ میں غزہ میں قیام امن کے ذریعے مشرق وسطیٰ میں لاکھوں زندگیاں بچائی ہیں۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ ’آپ وہ شخص ہیں جس کی اس وقت دنیا کو سب سے زیادہ ضرورت ہے، دنیا ہمیشہ آپ کو اُس انسان کے طور پر یاد رکھے گی جس نے ہر ممکن کوشش کی، حتیٰ کہ معمول سے بڑھ کر اقدامات کیے، اور 7 بلکہ آج 8 جنگوں کو روکا‘

انہوں نے کہا کہ ’اتنا کہنا کافی ہے کہ اگر انہوں نے اور ان کی شاندار ٹیم نے اُن چار دنوں میں مداخلت نہ کی ہوتی، تو جنگ شاید اس حد تک بڑھ جاتی کہ بعد میں کوئی یہ بتانے کے لیے بھی زندہ نہ رہتا کہ کیا ہوا تھا، کیونکہ بھارت اور پاکستان دونوں ایٹمی قوت کے حامل ملک ہیں۔‘

دوبارہ اسٹیج پر آتے ہوئے ٹرمپ نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ ’واہ! میں نے یہ توقع نہیں کی تھی، چلو گھر چلتے ہیں، اب میرے پاس کہنے کو کچھ نہیں بچا، سب کو الوداع! یہ واقعی بہت خوبصورت تھا، اور نہایت خوبصورتی سے پیش کیا گیا، آپ کا بہت شکریہ۔‘

قبل ازیں، وزیرِاعظم محمد شہباز شریف کی مصر کے شہر شرم الشیخ میں منعقدہ امن سربراہ اجلاس کے موقع پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سمیت متعدد عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں ہوئیں، شہباز شریف نے خطے میں امن اور فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا۔

وزیر اعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا کہ شہباز شریف کی فلسطین کے صدر محمود عباس کے ساتھ خوشگوار ملاقات ہوئی، جس میں دونوں رہنماؤں نے غزہ میں جنگ بندی پر اطمینان کا اظہار کیا، اس موقع پر بحرین کے فرمانروا شاہ حمد بن عیسی الخلیفہ بھی شریک تھے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اس موقع پر صدر محمود عباس نے فلسطینیوں کا ہمیشہ سے ساتھ دینے اور ان کی سیاسی و سفارتی محاذ پر مدد پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔

مزید بتایا گیا کہ دونوں رہنماؤں کی شرم الشیخ میں جنگ بندی معاہدے پر دستخط سے پہلے گرمجوشی سے غیر رسمی ملاقات اور گفتگو ہوئی، دونوں رہنماؤں نے اس موقع پر کہا کہ فلسطین اور پاکستان کے مابین دیرینہ برادرانہ تعقات مثالی ہیں، جس پر دونوں ممالک کی قیادت اور عوام کو ناز ہے۔

اس موقع پر وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے غزہ کے بہادر عوام کو گزشتہ برسوں میں ہمت و بہادری سے صعوبتیں برداشت کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔

اعلامیے میں بتایا گیا کہ دونوں رہنماؤں نے غزہ میں جنگ بندی پر اطمینان کا اظہار کیا اور اسے خطے میں امن و فلسطینیوں کی ترقی کا پیش خیمہ قرار دیا۔

دریں اثنا، وزیرِاعظم محمد شہباز شریف کی شرم الشیخ میں منعقدہ امن سربراہ اجلاس کے موقع پر متعدد عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں ہوئیں۔

اعلامیے کے مطابق وزیرِ اعظم کی آذربائیجان کے صدر الہام علیوف سے ملاقات ہوئی، جس میں دونوں رہنماؤں نے غزہ میں جنگ بندی پر اطمینان کا اظہار کیا، اس موقع پر آرمینیا کے وزیرِ اعظم نکول پاشنیان بھی ملاقات و گفتگو میں شریک ہوئے۔

اعلامیے کے مطابق وزیرِ اعظم کی اردن کے مانروا شاہ عبداللہ دوئم، بحرین کے شاہ حمد بن عیسی الخلیفہ اور اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس سے بھی ملاقات ہوئی۔

وزیرِ اعظم کی انڈونیشیا کے صدر پربوو صوبیانتو، جرمن چانسلر فریڈرک مرز، اسپین کے وزیرِ اعظم پیڈرو سانچیز، اٹلی کی وزیرِ اعظم جیورجیا میلونی اور سعودی عرب کے وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آلسعود سے بھی ملاقات ہوئی۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ ملاقاتوں میں خطے میں امن کیلئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا، وزیرِ اعظم کا ملاقاتوں میں فلسطین کے عوام کے ساتھ پاکستان کی جانب سے یکجہتی اور انکی سفارتی و اخلاقی مدد جاری رکھنے کا اعادہ کیا۔

بعد ازاں انہوں نے امریکی صدر ٹرمپ سے ملاقات کی، جو دستخطی تقریب میں شرکت کے لیے مصر پہنچے تھے اور عالمی رہنماؤں کا خیرمقدم کرتے ہوئے ان سے ملے۔

واضح رہے کہ وزیرِاعظم محمد شہباز شریف امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور مصری صدر عبدالفتاح السیسی کی خصوصی دعوت پر آج شرم الشیخ پہنچے تھے۔

مصر کے شہر شرم الشیخ ایئر پورٹ پہنچنے پر مصری یوتھ و اسپورٹس کے وزیر ڈاکٹر اشرف صبحیی، پاکستانی سفیر عامر شوکت اور پاکستان و مصری اعلیٰ سفارتی عملے نے وزیرِ اعظم کا استقبال کیا تھا۔

وزیرِ اعظم غزہ جنگ بندی کے لیے شرم الشیخ امن سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے، نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحٰق ڈار اور فاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ بھی وزیرِ اعظم کے ہمراہ وفد میں شریک ہیں۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، مصری صدر عبدالفتاح السیسی، امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی اور ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کے ہمراہ غزہ امن معاہدے پر دستخط کی تقریب میں خصوصی شرکت کریں گے۔

کارٹون

کارٹون : 5 دسمبر 2025
کارٹون : 4 دسمبر 2025