حماس نے امن معاہدے کی شرائط پر عمل نہ کیا تو نیتن یاہو کو دوبارہ فوجی کارروائی کی اجازت پر غور کروں گا، ٹرمپ

شائع October 16, 2025
فائل فوٹو:  اے ایف پی
فائل فوٹو: اے ایف پی

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اگر حماس جنگ بندی کے معاہدے کی اپنی شرائط پر عمل نہیں کرتی تو وہ اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کو غزہ میں دوبارہ فوجی کارروائی کی اجازت دینے پر غور کریں گے۔

امریکی نشریاتی سی این این سے گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ’ اسرائیلی فورسز جیسے ہی میں کہوں گا، دوبارہ سڑکوں پر آ جائیں گی۔’

صدر نے ایک مختصر ٹیلیفونک گفتگو میں کہا:’ جو کچھ حماس کے ساتھ ہو رہا ہے، وہ بہت جلد ٹھیک کر دیا جائے گا۔’

ٹرمپ کے یہ بیانات اس وقت سامنے آئے جب اسرائیل نے حماس پر الزام لگایا کہ وہ معاہدے کی اس شرط پر عمل نہیں کر رہی جس کے تحت اسے تمام مغویوں ، زندہ اور مردہ ، کو واپس کرنا تھا۔

اسرائیلی حکام کے مطابق، حماس کی جانب سے لاشوں کی کم تعداد کی واپسی کے باعث غزہ کے لیے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر بھیجی جانے والی امداد کو کم یا مؤخر کیا جا رہا ہے۔ تاہم اب تک نازک جنگ بندی برقرار ہے۔

ٹرمپ کے 20 نکاتی امن منصوبے کے نکتہ نمبر 4 میں کہا گیا تھا:’ اسرائیل کی جانب سے معاہدہ عوامی طور پر قبول کیے جانے کے 72 گھنٹے کے اندر، تمام مغویوں — زندہ اور مردہ — کو واپس کر دیا جائے گا۔’

بدھ کی صبح تک تمام 20 زندہ اسرائیلی مغوی اسرائیل واپس پہنچ چکے تھے، تاہم حماس نے صرف چار لاشیں حوالے کیں، جن میں سے ایک کے بارے میں اسرائیلی فوج نے کہا کہ وہ کسی اسرائیلی مغوی کی نہیں ہے۔

ایک ذریعے کے مطابق، مزید چار یا پانچ لاشیں شام تک واپس کیے جانے کی توقع ہے۔

ٹرمپ نے کہا کہ زندہ مغویوں کی رہائی بذاتِ خود ایک بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا:’ ان 20 مغویوں کو نکالنا سب سے اہم تھا۔’

ٹرمپ نے پہلے ہی خبردار کیا تھا کہ حماس کو ہتھیار ڈالنے ہوں گے، ورنہ ہم انہیں غیر مسلح کر دیں گے۔

ان کے 20 نکاتی منصوبے میں ایک ایسا مستقبل تجویز کیا گیا ہے جس میں حماس غزہ کی حکمرانی میں کوئی کردار ادا نہیں کرے گی، غزہ کو غیر فوجی علاقہ بنایا جائے گا، اور وہاں بین الاقوامی نگرانی ہوگی۔

تاہم امریکی انتظامیہ نے اعتراف کیا ہے کہ غزہ کے مستقبل پر ابھی مزید کام باقی ہے، اور مغویوں کی رہائی کا معاہدہ صرف پہلا مرحلہ ہے۔

جب سی این این نے پوچھا کہ اگر حماس نے ہتھیار ڈالنے سے انکار کیا تو کیا ہوگا؟ اس پر ٹرمپ نے جواب دیا:’ میں اس بارے میں سوچتا ہوں۔ جیسے ہی میں کہوں گا، اسرائیل واپس ان سڑکوں پر آ جائے گا۔ اگر اسرائیل چاہے تو وہ انہیں مکمل طور پر ختم کر سکتا ہے۔’

انہوں نے مزید کہا:’ مجھے اسرائیلی دفاعی افواج اور نیتن یاہو کی حکومت کو روکنا پڑا۔ میں نے بَی بی (نیتن یاہو) سے سخت بات کی۔’

کارٹون

کارٹون : 5 فروری 2026
کارٹون : 4 فروری 2026