• KHI: Clear 19.4°C
  • LHR: Partly Cloudy 14.2°C
  • ISB: Cloudy 11.7°C
  • KHI: Clear 19.4°C
  • LHR: Partly Cloudy 14.2°C
  • ISB: Cloudy 11.7°C

پاکستان اسٹریٹجک سرمایہ کاری کو فروغ دینے کیلئے پُرعزم ہے، وزیر خزانہ

شائع October 16, 2025
وزیر خزانہ نے واشنگٹن میں سعودی ہم منصب کے علاوہ دیگر اہم ملاقاتیں بھی کیں — فوٹو: فنانس ڈویژن/ایکس
وزیر خزانہ نے واشنگٹن میں سعودی ہم منصب کے علاوہ دیگر اہم ملاقاتیں بھی کیں — فوٹو: فنانس ڈویژن/ایکس

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اپنے دورہ امریکا کے تیسرے روز سعودی ہم منصب سے ملاقات کی، اور انہیں پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) اور اہم ہوائی اڈوں کی نجکاری کے عمل سے آگاہ کیا۔

وزارتِ خزانہ کی جانب سے جمعرات کو جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ ملاقات واشنگٹن ڈی سی میں عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) اور ورلڈ بینک (ڈبلیو بی) کے سالانہ اجلاسوں کے موقع پر ہوئی، جہاں اورنگزیب اتوار کے روز 6 روزہ دورے پر پہنچے تھے۔

وزارتِ خزانہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق محمد اورنگزیب نے امریکی دارالحکومت میں اعلیٰ سطح کی ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھا، جن میں سعودی وزیر خزانہ محمد بن عبداللہ الجدعان کے ساتھ ملاقات بھی شامل تھی۔

بیان کے مطابق ’انہوں نے اپنے سعودی ہم منصب کو پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) اور اہم ہوائی اڈوں کی نجکاری کے جاری عمل سے آگاہ کیا، اور اس بات پر زور دیا کہ حکومت شفافیت اور کارکردگی کے ذریعے اسٹریٹجک سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے پُرعزم ہے۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے، جب گزشتہ ماہ ایک پارلیمانی کمیٹی کو بتایا گیا تھا کہ پی آئی اے کارپوریشن لمیٹڈ کی نجکاری رواں سال نومبر تک متوقع ہے، قومی ایئرلائن کی نجکاری پاکستان کے لیے منظور شدہ 7 ارب ڈالر کے آئی ایم ایف بیل آؤٹ پیکج کی ایک اہم شرط ہے۔

پی آئی اے کی مجوزہ فروخت ملک میں تقریباً 2 دہائیوں بعد پہلی بڑی نجکاری ہوگی، جب کہ خسارے میں جانے والے سرکاری اداروں کی نجکاری گزشتہ سال کے بیل آؤٹ پیکج کا مرکزی حصہ ہے۔

آئی ایم ایف پیکیج کے حوالے سے محمد اورنگزیب نے اپنی ملاقات میں الجدعان کو یقین دلایا کہ پاکستان طویل المدتی معاشی استحکام کے لیے آئی ایم ایف پروگرام کے تحت اصلاحات کے عمل کو پُرعزم انداز میں جاری رکھے گا۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ دونوں وزرائے خزانہ نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان بڑھتے ہوئے تجارتی و سرمایہ کاری تعلقات کا بھی جائزہ لیا۔

مزید یہ کہ دونوں وزرا نے اس بات پر اتفاق کیا کہ بین الاقوامی مالیاتی ادارے جیسے انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن (آئی ایف سی) اور ملٹی لیٹرل انویسٹمنٹ گارنٹی ایجنسی (ایم آئی جی اے) پاکستان میں نجی شعبے کی سرمایہ کاری کو متحرک کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

بیان کے مطابق محمد اورنگزیب نے سعودی عرب سے انفرااسٹرکچر ڈیولپمنٹ منصوبوں میں تعاون کی درخواست بھی کی اور مملکت کے ساتھ گہرے اقتصادی تعلقات کے قیام کے لیے پاکستان کے عزم کا اظہار کیا۔

وزیر خزانہ کی دیگر ملاقاتیں

سعودی ہم منصب سے ملاقات کے علاوہ، اورنگزیب نے دیگر اہم ملاقاتیں بھی کیں۔

وزارت خزانہ کے بیان میں کہا گیا کہ ان ملاقاتوں کا مقصد پاکستان کے اقتصادی اصلاحاتی عزم کو مضبوط کرنا، بین الاقوامی سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنا اور دوطرفہ مالیاتی تعاون کو فروغ دینا تھا۔

امریکی انٹرنیشنل ڈیولپمنٹ فنانس کارپوریشن (ڈی ایف سی) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر بینجمن بلیک سے ملاقات میں انہوں نے پاکستان کے تیل و گیس، معدنیات، زراعت، آئی ٹی اور دواسازی کے شعبوں میں نمایاں سرمایہ کاری کے مواقع پر روشنی ڈالی۔

بیان کے مطابق وزیر خزانہ نے قیادت کی سطح پر تجارتی و سرمایہ کاری تعلقات کے فروغ پر اتفاقِ رائے کا ذکر کیا اور پاکستان میں نجی شعبہ کی مالی معاونت کے لیے ڈی ایف سی کی دلچسپی کا خیرمقدم کیا۔

علاوہ ازیں، انہوں نے آذربائیجان کے پہلے نائب وزیر خزانہ انار کریموف سے بھی ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان مضبوط اقتصادی و اسٹریٹجک تعلقات کی تصدیق کی گئی۔

ملاقات میں انہوں نے آذربائیجان کو کوپ 29 کی کامیاب میزبانی پر مبارکباد دی اور پاکستان-آذربائیجان ترجیحی تجارتی معاہدے (جنوری 2025) اور ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدے (دسمبر 2024) کو دوطرفہ تجارت کو تیل اور چاول سے آگے بڑھاتے ہوئے ٹیکسٹائل، دواسازی، کیمیکلز، مشینری اور زرعی مصنوعات تک وسعت دینے کے لیے اہم پلیٹ فارمز قرار دیا۔

کارٹون

کارٹون : 15 دسمبر 2025
کارٹون : 14 دسمبر 2025