پنجاب بھر میں 18 اکتوبر تک دفعہ 144 نافذ، احتجاج، ریلیوں اور دھرنوں پر پابندی
پنجاب بھر میں 18 اکتوبر تک دفعہ 144 نافذ کر دی گئی، صوبے میں ہر قسم کے احتجاج، جلسے، جلوس، ریلیوں، دھرنوں پر پابندی ہو گی۔
ڈان نیوز کے مطابق محکمہ داخلہ پنجاب نے دفعہ 144 کے نفاذ کا نوٹی فکیشن جاری کردیا، ترجمان محکمہ داخلہ نے بتایا کہ حکومت پنجاب نے دہشت گردی اور امن عامہ کے خدشات کے پیش نظر احکامات جاری کیے۔
ترجمان کے مطابق صوبے میں ہر قسم کے اسلحہ کی نمائش پر بھی مکمل پابندی عائد ہوگی، اسی طرح دفعہ 144 کے تحت لاؤڈ اسپیکر کے استعمال پر مکمل پابندی ہوگی۔
ترجمان محکمہ داخلہ کا کہنا تھا کہ اشتعال انگیز، نفرت آمیز یا فرقہ وارانہ مواد کی اشاعت و تقسیم پر بھی مکمل پابندی عائد کی گئی ہے۔
ترجمان محکمہ داخلہ کے مطابق دفعہ 144 کے نفاذ کا فیصلہ امن و امان کے قیام، انسانی جانوں اور املاک کے تحفظ کیلئے کیا گیا ہے۔
ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب نے بتایا کہ پابندی کا اطلاق شادی کی تقریبات، جنازہ اور تدفین پر نہیں ہوگا۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ سیکیورٹی خطرات کے پیش نظر عوامی جلوس و دھرنا دہشتگردوں کے لیے سافٹ ٹارگٹ ہو سکتا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل آج پنجاب حکومت نے ریاستی رِٹ اور قانون کی بالادستی قائم کرنے کے لیے وفاقی حکومت کو انتہا پسند جماعت پر پابندی عائد کرنے کی سفارش کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
ڈان نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیرِ صدارت امن و امان پر غیر معمولی اجلاس منعقد کیا گیا تھا، جس میں ریاستی رٹ اور قانون کی بالادستی قائم کرنے کے لیے غیر معمولی فیصلے کیے گئے تھے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ پولیس افسران کی شہادت اور املاک کی تباہی میں ملوث رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف انسداد دہشت گردی عدالتوں میں مقدمات چلائے جائیں گے اور انتہا پسند جماعت کی قیادت کو انسدادِ دہشت گردی ایکٹ کے فورتھ شیڈول میں شامل کیا جائے گا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ انتہا پسند جماعت کی تمام جائیدادیں اور اثاثے محکمہ اوقاف کے حوالے کیے جائیں گے جبکہ اس کے پوسٹرز، بینرز اور اشتہارات پر مکمل پابندی ہوگی۔
اجلاس میں نفرت پھیلانے والی انتہا پسند جماعت کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس بند اور تمام بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں لاؤڈ اسپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی پر سخت ترین کارروائی اور افغان شہریوں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کا بھی فیصلہ کیا گیا تھا۔












لائیو ٹی وی