• KHI: Partly Cloudy 21.9°C
  • LHR: Partly Cloudy 16.2°C
  • ISB: Partly Cloudy 14.6°C
  • KHI: Partly Cloudy 21.9°C
  • LHR: Partly Cloudy 16.2°C
  • ISB: Partly Cloudy 14.6°C

وزیراعظم کا سہیل آفریدی سے رابطہ، وزیراعلیٰ منتخب ہونے پر مبارکباد

شائع October 16, 2025
— فائل فوٹو: ڈان نیوز
— فائل فوٹو: ڈان نیوز

وزیراعظم شہباز شریف نے سہیل آفریدی کو ٹیلی فون کرکے انہیں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔

ڈان نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے نومنتخب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔

ٹیلی فونک گفتگو کے دوران شہباز شریف نے سہیل آفریدی کو وزیراعلیٰ منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور سہیل آفریدی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملکی مفاد میں وفاق نئے وزیراعلیٰ کے ساتھ مل کر چلنے کو تیار ہے۔

خیال رہے کہ 8 اکتوبر کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے جنرل سیکریٹری سلمان اکرم راجا نے تصدیق کی تھی کہ چیئرمین عمران خان نے سہیل آفریدی کو نیا وزیراعلیٰ مقرر کرنے کی ہدایت دی ہے۔

جس کے بعد علی امین گنڈاپور نے صوبائی چیف ایگزیکٹو کے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کردیا اور اپنے ہاتھ سے لکھا ہوا استعفیٰ گورنر خیبرپختونخوا کو بھجوادیا۔

تاہم، گورنر فیصل کریم کنڈی نے دستخطوں میں فرق ہونے کی وجہ سے علی امین گنڈا پور کے دو استعفے واپس کر دیے تھے اور انہیں 15 اکتوبر (بدھ) کو گورنر ہاؤس میں طلب کیا تھا تاکہ معاملہ حل کیا جا سکے۔

دریں اثنا، 13 اکتوبر کو خیبرپختونخوا میں نئے قائد ایوان کے انتخاب کے لیے صوبائی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر بابر سلیم سواتی کی صدارت میں ہوا تھا، جس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے امیدوار سہیل آفریدی 90 ووٹ لے کر صوبے کے 30ویں وزیراعلیٰ منتخب ہوگئے تھے۔

تاہم، گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اس انتخاب کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ وزیر اعلیٰ کا آج ہونے والا انتخاب غیر آئینی ہوگا، جب تک علی امین کا استعفیٰ منظور نہیں ہوتا وزیراعلیٰ کا انتخاب غیر آئینی تصور ہوگا۔

پی ٹی آئی نے وزیراعلیٰ کی حلف برداری کے لیے پشاور ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا، جس پر پشاور ہائیکورٹ نے گورنر خیبرپختونخوا کو 15 اکتوبر کو شام 4 بجے تک نومنتخب وزیراعلیٰ سہیل آفریدی سے حلف لینے کا حکم دیا تھا، عدالت نے قرار دیا تھا کہ اگر گورنر نے حلف نہیں لیا تو پھر اسپیکر کو ہدایت ہے کہ حلف لیں۔

پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے گورنر خیبرپختونخوا کو عدالتی فیصلے پر عمل درآمد کرنے کی ہدایت کی تھی، جس کے بعد گزشتہ روز گورنر فیصل کریم کنڈی کراچی سے پشاور پہنچے تھے اور آج عدالتی حکم پر عمل کرتے ہوئے نومنتخب وزیراعلیٰ سہیل آفریدی سے حلف لیا۔

سہیل آفریدی کون ہیں؟

خیبرپختونخوا کے نئے نامزد وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا تعلق ضلع خیبر سے ہے اور انصاف اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے صوبائی صدر رہ چکے ہے۔

سہیل آفریدی 2024 کے عام انتخابات میں پہلی بار ضلع خیبر سے رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے۔

اس کے علاوہ سہیل آفریدی علی امین گنڈا پور کی کابینہ میں بحثیت معاون خصوصی برائے موصلات ذمہ داریاں ادا کرچکے ہیں۔

تاہم، گزشتہ ہفتے صوبائی کابینہ میں تبدیلی کے بعد سہیل آفریدی کو معاون خصوصی سے صوبائی وزیر برائے اعلی تعلیم بنایا گیا تھا، وہ پی ٹی آئی کی مرکزی ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن بھی ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 18 دسمبر 2025
کارٹون : 17 دسمبر 2025