زمبابوے کی پاکستان اور سری لنکا کیساتھ سہ ملکی سیریز کھیلنے کی تصدیق
زمبابوے کرکٹ نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے سہ ملکی سیریز کھیلنے کی دعوت قبول کر لی ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق افغانستان ٹیم کے باہر ہونے کے بعد اب پاکستان، زمبابوے اور سری لنکا کے درمیان سہ فریقی ٹی 20 سیریز شیڈول کے مطابق کھیلی جائے گی، 3 ملکی سیریز کے مقابلے 17 سے 29 نومبر تک راولپنڈی اور لاہور میں منعقد ہوں گے۔
پاکستان اور زمبابوے کے درمیان افتتاحی میچ 17 نومبر کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جبکہ سری لنکا اور زمبابوے کے درمیان دوسرا مقابلہ 19 نومبر کو راولپنڈی میں شیڈول ہے۔
سہ فریقی سیریز کے فائنل سمیت بقیہ 5 میچز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔
اس سے قبل، حالیہ پاک-افغان کشیدگی کی آڑ میں افغانستان نے پاکستان اور سری لنکا کے ساتھ سہ ملکی سیریز کھیلنے سے انکار کر دیا تھا۔
افغانستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے سوشل میڈیا سائٹ ’ایکس‘ پر غلط معلومات پر مبنی ایک بیان جاری کیا گیا جس میں پاکستان کے خلاف افغانستان میں حملوں کا پروپیگنڈا کیا گیا۔
افغانستان نے حالیہ کشیدگی کی آڑ میں پاکستان کے ساتھ کرکٹ کھیلنے سے انکار کرتے ہوئے اگلے ماہ پاکستان میں شیڈول سہ ملکی سیریز کی منسوخی کا اعلان کیا تھا۔
افغان کرکٹ بورڈ کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ حالیہ تنازعات کے باعث پاکستان کے ساتھ سیریز کھیلنا ممکن نہیں رہا۔













لائیو ٹی وی