مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں غیرٹیکسٹائل برآمدات میں 16.5 فیصد کمی
پاکستان کی غیر ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی (جولائی تا ستمبر) میں 16.54 فیصد کم ہو گئیں، جس کی بڑی وجہ خام خوراک کی برآمدات میں نمایاں کمی ہے۔
ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق ادارہ شماریات پاکستان کا کہنا ہےکہ مالی سال 2026 کی پہلی سہ ماہی میں خام خوراک کی برآمدات میں کمی بنیادی طور پر چاول کی برآمدات میں نمایاں گراوٹ کے باعث ہوئی، جو 19 ماہ کی مسلسل نمو کے بعد پہلی بار منفی رجحان کا شکار ہوئی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق غیر ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدی مالیت جولائی تا ستمبر 2025 میں 3.85 ارب ڈالر سے گھٹ کر 2.825 ارب ڈالر رہ گئی، چاول کی برآمدات میں کمی کا رجحان جولائی 2025 سے شروع ہوا، جس کی وجہ سپلائی چین میں تبدیلیاں بتائی گئی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق چاول کی برآمدات میں سالانہ بنیاد پر 42.02 فیصد کمی واقع ہوئی، جو باسـمتی اور نان باسـمتی دونوں اقسام کی برآمدات میں کمی کے باعث ہے، باسـمتی چاول کی برآمدی مقدار میں 45.56 فیصد اور مالیت میں 43.64 فیصد کمی ہوئی، جبکہ نان باسـمتی چاول کی برآمدی مالیت میں 41.10 فیصد اور مقدار میں 22.13 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
خوراک کی دیگر اشیا کی برآمدات میں بھی 13.10 فیصد کمی ہوئی، جو فوڈ کیٹیگری کا دوسرا بڑا جزو ہے، تمباکو کی برآمدات میں 48.21 فیصد، مصالحہ جات میں 8.71 فیصد اور سبزیوں میں 41.14 فیصد کمی دیکھی گئی۔
اس کے برعکس، گوشت کی برآمدات میں 5.59 فیصد، پھلوں میں 17.04 فیصد اور مچھلی و متعلقہ مصنوعات میں 27.81 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
غیر خوردنی ویلیو ایڈڈ مصنوعات کے شعبے میں انجینئرنگ مصنوعات کی برآمدات میں 1.98 فیصد اضافہ ہوا، جس میں برقی پنکھے، آٹو پارٹس اور ربڑ کے ٹائروں کی برآمدات میں بہتری آئی۔
سیمنٹ کی برآمدی مقدار میں 41.01 فیصد اور مالیت میں 51.86 فیصد اضافہ ہوا، جوتوں کی برآمدات میں 0.99 فیصد اضافہ ہوا، تاہم چمڑے کے جوتوں کی برآمدات میں 2 فیصد اور کینوس جوتوں میں 27.44 فیصد کمی آئی، چمڑے کی مصنوعات کی برآمدات میں 1.46 فیصد اضافہ ہوا، جس میں چمڑے کے ملبوسات کی برآمدات 2.22 فیصد اور دستانوں کی 0.36 فیصد بڑھی، خام چمڑے کی برآمدات میں 3.69 فیصد کمی ریکارڈ ہوئی۔
پاکستان دنیا بھر میں سرجیکل آلات کا اہم برآمد کنندہ ہے، تاہم ان کی برآمدی مالیت میں معمولی بہتری (1.52 فیصد) دیکھنے میں آئی کیونکہ معروف بین الاقوامی برانڈز ان آلات کو مغربی ممالک میں دوبارہ مارکیٹ کرتے ہیں۔
قالین اور دریوں کی برآمدات میں 12.72 فیصد کمی ہوئی، جبکہ کھیلوں کی اشیا کی برآمدات میں 19.19 فیصد اضافہ ہوا، جو زیادہ تر فٹبال کی برآمدات میں 26.95 فیصد اضافے کے باعث ہے۔
اس کے علاوہ گڑ کی برآمدات میں 23.15 فیصد، زیورات میں 98.71 فیصد، دستکاری میں 94.38 فیصد، قیمتی پتھروں میں 5.60 فیصد، فرنیچر میں 12.60 فیصد اور مولاسس میں 85.15 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔












لائیو ٹی وی