• KHI: Clear 25.1°C
  • LHR: Partly Cloudy 19.5°C
  • ISB: Partly Cloudy 14.7°C
  • KHI: Clear 25.1°C
  • LHR: Partly Cloudy 19.5°C
  • ISB: Partly Cloudy 14.7°C

پیرس کی پولیس کو لوور میوزیم سے 8 نایاب شاہی زیورات لوٹنے والے ڈاکوؤں کی تلاش

شائع October 20, 2025
— فائل فوٹو: اے ایف پی
— فائل فوٹو: اے ایف پی
لوور میوزیم میں ڈکیتی کے بعد عمارت کے باہر پولیس تعینات ہے— فوٹو: اے ایف پی
لوور میوزیم میں ڈکیتی کے بعد عمارت کے باہر پولیس تعینات ہے— فوٹو: اے ایف پی

پیرس کے مشہور لوور میوزیم سے 8 نایاب شاہی زیورات کی ڈکیتی کے بعد پیر کو پولیس نے ڈاکوؤں کی تلاش شروع کر دی، یہ واردات دن دہاڑے شہر کے قلب میں واقع دنیا کے سب سے معروف عجائب گھروں میں سے ایک میں ہوئی۔

خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ میں حکام کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ 60 تفتیش کاروں پر مشتمل ایک ٹیم اس نظریے پر کام کر رہی ہے کہ یہ ڈکیتی ایک منظم جرائم پیشہ گروہ نے منصوبہ بندی کے ساتھ انجام دی۔

فرانس میں اس واقعے نے ایک بار پھر میوزیمز میں سیکیورٹی کے فقدان پر بحث چھیڑ دی ہے، نئے وزیر داخلہ لوراں نیونیز نے بھی اتوار کو اعتراف کیا کہ یہ معاملہ ’ایک بڑا کمزور پہلو‘ ہے۔

تفتیش سے آگاہ ایک ذریعے نے بتایا کہ ڈاکو اتوار کی صبح میوزیم کھلنے کے تقریباً نصف گھنٹے بعد 9 بج کر 30 سے 9 بج کر 40 منٹ کے درمیان میوزیم میں داخل ہوئے۔

انہوں نے ایک فرنیچر لفٹ کے ذریعے اپولو گیلری تک رسائی حاصل کی، جہاں شاہی زیورات کا ذخیرہ رکھا گیا ہے اور کھڑکی توڑنے اور شیشے کے ڈسپلے کیسز کھولنے کے لیے خصوصی اوزار استعمال کیے۔

واقعے کی ایک مختصر ویڈیو، جو غالباً کسی سیاح نے اپنے موبائل فون سے بنائی تھی، فرانسیسی نیوز چینلز پر نشر کی گئی۔

نقاب پوش ڈاکوؤں نے انیسویں صدی کے 9 زیورات چرا لیے، جن میں سے ایک شہنشاہی تاج ملزمان کے فرار کے دوران گرنے سے ٹوٹ گیا۔

7 منٹ کی کارروائی

فرانسیسی وزارتِ ثقافت کے مطابق 8 ’بیش قیمت‘ شاہی زیورات لوٹے گئے، جاری کردہ فہرست میں ایک زمرد اور ہیروں سے جڑا ہار شامل ہے جو نپولین نے اپنی بیوی ایمپریس میری لوئس کو تحفے میں دیا تھا۔

چوروں نے ایمپریس یوژینی کا تاج بھی چرا لیا، جس میں تقریباً 2 ہزار ہیرے جڑے تھے، اور ایک ہار جو فرانس کی آخری ملکہ میری امیلیا کا تھا۔ لوور میوزیم کی ویب سائٹ کے مطابق اس ہار میں 8 نیلم اور 631 ہیرے ہیں۔

وزیر داخلہ نیونیز نے بتایاکہ پوری کارروائی صرف 7 منٹ میں مکمل ہوئی اور خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ کام ایک ماہر ٹیم نے انجام دیا، جو ممکنہ طور پر ’غیر ملکی‘ ہو سکتی ہے۔

وزارتِ ثقافت کے بیان کے مطابق میوزیم کے عملے کی بروقت مداخلت کے باعث چوروں کو بھاگنا پڑا، اور وہ اپنا کچھ سامان وہیں چھوڑ گئے۔

پیرس کے معروف نیلام گھر ’دروؤ پاتریمون‘ کے صدر الیگزینڈر ژیکویلو نے کہا کہ چوری شدہ زیورات اپنی موجودہ حالت میں بیچنا ناممکن ہے۔

قومی ’ذلت‘

یہ 1998 کے بعد لوور میوزیم میں ہونے والی پہلی چوری ہے، جب ایک مصور کورو کی پینٹنگ غائب ہوئی تھی، جو آج تک نہیں ملی۔

اتوار کے واقعے نے ایک مرتبہ پھر ناقدین کی اس رائے کو تقویت دی ہے کہ فرانس کے میوزیمز میں سیکیورٹی کا نظام ناکافی ہے، جو بینکوں کے مقابلے میں کہیں کمزور ہے اور چوروں کے لیے آسان ہدف بنتا جا رہا ہے۔

گزشتہ ماہ مجرموں نے پیرس کے نیشنل ہسٹری میوزیم سے 7 لاکھ ڈالر مالیت کے سونے کے نمونے چرا لیے تھے۔

اسی ماہ، وسطی شہر لیموج کے ایک میوزیم سے 2 برتن اور ایک قیمتی گلدان چوری کیے گئے، جن کی مالیت تقریباً 76 لاکھ ڈالر بتائی گئی۔

اتوار کی ڈکیتی پر سخت سیاسی ردِعمل سامنے آیا۔

دائیں بازو کی نیشنل رَیلی پارٹی کے رہنما جورڈن بارڈیلا نے سوشل میڈیا پر کہا کہ ریاست کی تباہی کہاں تک جائے گی؟ انہوں نے اس چوری کو ملک کے لیے ناقابلِ برداشت ذلت قرار دیا۔

فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے اپنے بیان میں کہا کہ چوروں کو پکڑنے اور چوری شدہ خزانے بازیاب کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 16 دسمبر 2025
کارٹون : 15 دسمبر 2025