کراچی: نوبیاہتا دلہن پر تشدد وقتل کیس، غفلت برتنے والے ڈاکٹر کی ضمانت منسوخ

شائع October 20, 2025
— فائل فوٹو: ڈان نیوز
— فائل فوٹو: ڈان نیوز

کراچی میں نوبیاہتا دلہن پر تشدد اور قتل کے مقدمے میں غفلت برتنے والے ڈاکٹر کی عبوری ضمانت منسوخ کردی گئی۔

ڈان نیوز کے مطابق ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی کی عدالت میں نوبیاہتا دلہن کے قتل کیس کی سماعت ہوئی۔

دوران سماعت پراسیکیوٹر عرفانہ قادری نے کہا کہ ڈاکٹر رؤف کے خلاف ملزمان سے ملی بھگت کا الزام ہے، مقتولہ کو ہسپتال لانے پر ڈاکٹر نے مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ڈاکٹر نے پولیس کو اطلاع دی اور نہ ہی خاتون کو علاج کے لئے سرکاری ہسپتال بھیجا جب کہ ڈاکٹر نے ملزمان سے حلف نامہ بھی لیا کہ وہ پولیس کو رپورٹ نہیں کریں گے۔

وکیل صفائی نے کہا کہ سرجری کے دوران ملزم کو پتا چلا کہ زخم کافی زیادہ ہیں، عدالت نے کہا کہ مقتولہ کی ضروری علاج کے بجائے ڈاکٹر نے سرجری کرکے ڈسچارج کردیا تھا۔

بعد ازاں، عدالت نے ملزم کی ضمانت منسوخ کرتے ہوئے سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن کو فیصلے کی کاپی ارسال کرنے کا حکم دے دیا۔

کارٹون

کارٹون : 5 دسمبر 2025
کارٹون : 4 دسمبر 2025