چین کا پاکستان اور افغانستان کے درمیان جنگ بندی معاہدے کا خیرمقدم
چین نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان طے پانے والے جنگ بندی کے معاہدے کا خیرمقدم کیا ہے، اور بین الاقوامی برادری کے ساتھ مل کر پاکستان اور افغانستان کے تعلقات میں بہتری اور ترقی کے لیے اپنا تعمیری کردار ادا کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔
چینی خبر رساں ایجنسی ژنہوا کی رپورٹ کے مطابق چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان گو جیاکُن نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان طے پانے والے جنگ بندی معاہدے کا خیرمقدم کیا۔
خیال رہے کہ قطر کی وزارتِ خارجہ کی جانب سے اتوار کو جاری کردہ بیان کے مطابق پاکستان اور افغانستان نے قطر اور ترکیہ کی ثالثی میں فوری جنگ بندی پر اتفاق کیا تھا، مزید یہ کہ دونوں ممالک اس کے تسلسل کو یقینی بنانے کے لیے مذاکرات جاری رکھیں گے۔
پاکستانی وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے جنگ بندی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ دونوں ممالک 25 اکتوبر کو استنبول میں مذاکرات کے ایک اور دور کا انعقاد کریں گے۔
چینی وزارت خارجہ کے ترجمان گو جیاکُن نے باقاعدہ پریس بریفنگ کے دوران اس معاہدے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’پاکستان اور افغانستان دونوں چین کے روایتی دوستانہ ہمسائے ہیں، اور یہ ایک دوسرے کے ایسے پڑوسی ہیں جنہیں الگ نہیں کیا جا سکتا۔‘
گو جیاکُن کے مطابق چین دونوں ممالک کے درمیان طے پانے والے جنگ بندی کے معاہدے کا خیرمقدم کرتا ہے اور متعلقہ ممالک کی کوششوں کو سراہتا ہے جنہوں نے اس میں کردار ادا کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ چین خلوص دل سے امید کرتا ہے اور اس بات کی حمایت کرتا ہے کہ پاکستان اور افغانستان باہمی اختلافات کے حل، جامع اور دیرپا جنگ بندی کے حصول، اور دونوں ممالک و خطے میں امن و استحکام کے تحفظ کے لیے مسلسل بات چیت اور مشاورت جاری رکھیں۔
گو جیاکُن نے کہا کہ ’چین بین الاقوامی برادری کے ساتھ مل کر پاکستان اور افغانستان کے تعلقات میں بہتری اور ترقی کے لیے اپنا تعمیری کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔‘












لائیو ٹی وی