زیادہ خواہشات رکھنے سے بھی شادی شدہ جوڑوں کے مسائل بڑھ رہے ہیں، شمعون عباسی
سینئر اداکار، ہدایت کار و پروڈیوسر شمعون عباسی نے کہا ہے کہ جہاں نئی نسل کے شادی شدہ جوڑے بہت اچھے طریقے سے زندگی گزار رہے ہیں، وہیں بعض جوڑوں کے درمیان زیادہ خواہشات رکھنے سے بھی مسائل بڑھ رہے ہیں۔
شمعون عباسی نے حال ہی میں ’گپ شب‘ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر گفتگو کی۔
پروگرام کے دوران ایک سوال کے جواب میں انہوں نے اس تاثر کو مسترد کیا کہ وہ حقیقی زندگی میں بھی اپنے منفی کرداروں کی وجہ سے ہر وقت غصے میں رہتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ حقیقی زندگی میں وہ بہت مزاح پسند ہیں، شوٹنگ کے دوران ولن کا کردار ادا کرنے کے دوران بھی وہ ہنستے اور ہنساتے رہتے ہیں۔
شمعون عباسی کا کہنا تھا کہ ایسا بالکل نہیں کہ وہ فلموں میں ولن بنتے ہیں تو اپنے باورچی کو بھی چاقو مار کر ان سے ناشتہ بنانے کا کہتے ہوں گے۔
ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ چوں کہ انہوں سینمٹاگرافی پڑھ رکھی ہے، اس لیے شوٹنگ کے دوران وہ بعض مرتبہ غلط شوٹنگ کا احساس ہونے پر کیمرامین کو سمجھاتے بھی ہیں۔
اداکار نے شادی شدہ جوڑوں کو مشورہ دینے سے متعلق پوچھے گئے سوال پر بتایا کہ وہ شروع سے اتنے سمجھدار نہیں تھے، اگر وہ سمجھدار ہوتے تو ان کے ساتھ اتنی چیزیں نہ ہوتیں۔
شمعون عباسی نے نوجوان شادی شدہ جوڑوں کی تعریفیں بھی کیں اور کہا کہ بہت سارے جوڑے اپنے معاشی حالات دیکھتے ہوئے زندگی کو آگے بڑھا رہے ہیں جو کہ انتہائی اچھی بات ہے۔
ان کے مطابق جہاں بہت سارے جوڑے اپنی مالی استطاعت کو دیکھتے ہوئے منصوبہ بندی بناتے ہیں، وہیں بہت سارے جوڑے ایسے بھی ہیں جو دوسروں کی دیکھا دیکھی زیادہ خواہشات کرنے لگے ہیں، جس سے ان کے مسائل بڑھ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چوں کہ اب بہت سارے لوگوں کی بہت ساری چیزیں اور طرز زندگی منظر عام پر آجاتی ہے اور ان کی دیکھا دیکھی بعض شادی شادی جوڑے زیادہ خواہشات رکھنے لگتے ہیں، جس وجہ سے ان کے درمیان مسائل ہوتے ہیں۔
اداکار نے اسی معاملے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ زیادہ خواہشات رکھنے والے جوڑوں کو یاد رکھنا چاہیے کہ انسان اگر محل بھی خرید لے تو بھی اسے سکون نہیں ملے گا، اندر کی خوشی محل اور بیڑے خریدنے سے نہیں آتی۔
خیال رہے کہ شمعون عباسی کی اپنی بھی پہلی دونوں شادیاں طلاق پر ختم ہوئیں، انہوں نے پہلی شادی اداکارہ جویریہ عباسی سے کی تھی، انہوں نے دوسری شادی حمائمہ ملک سے کی تھی۔
شمعون عباسی نے تیسری شادی اپریل 2023 میں اداکارہ ڈیزی شاہ سے کی۔












لائیو ٹی وی