وزیراعظم نے بلاول سے ملاقات میں کئی وعدوں پر عمل نہ کرنے کا اعتراف کیا، گورنر پنجاب
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات میں کئی وعدوں پر عمل نہ کرنے کا اعتراف کیا، مسلم لیگ اور پیپلزپارٹی میں مجبوری کا رشتہ ہے، دونوں جماعتوں کے کارکن ایک دوسرے کو برداشت کرنے کو تیار نہیں، سہیل آفریدی بانی سے مل لیں گے تو کوئی آسمان نہیں گر جائے گا۔
پشاور میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے کہا کہ 18 ماہ (ن) لیگ کے ساتھ حکومت پیپلز پارٹی کے لیے بھیانک خواب تھا، مجبوری میں بیٹھنا پڑا، پارٹی کو بھی نقصان ہوا، لیکن ہم نے ملک کا نقصان نہیں ہونے دیا۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے تحریری معاہدے کے کئی نکات پر وعدہ خلافی کی، وزیر اعظم نے بلاول بھٹو سے ملاقات میں کئی وعدوں پر عمل نہ کرنے کا اعتراف کیا، پیپلزپارٹی نے ایک مہینے کی مہلت دی، امید ہے معاملات بہتر ہوں گے، اب بھی بہت مشکلات ہیں، بہت کچھ کرنا باقی ہے، سسٹم ڈی ریل ہوجائے تو دوسرا کوئی آپشن نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کو بڑے بھائی کا کردار ادا کرنا چاہیے، وزیراعلیٰ مریم نواز سے بات کروں گا کہ پنجاب آٹے کی ترسیل پرپابندی نہ لگائے۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ سہیل آفریدی بانی عمران خانسے مل لیں گے تو کوئی آسمان نہیں گر جائےگا، خیبرپختونخوا حکومت کو ڈنڈے سے نہیں سیاسی طریقے سے اپنے حقوق لینے ہوں گے، لڑائی جھگڑوں سے صوبے کے عوام کا نقصان ہوگا، سیاسی اختلاف اپنی جگہ مگر عوام کے حقوق کے لیے آئینی اور قانونی راستہ اپنانا وقت کی ضرورت ہے۔
گورنر ہاؤس کبھی خیبرپختونخوا کی ترقی میں رکاوٹ نہیں بنے گا، فیصل کنڈی
اس موقع پر گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ گورنر ہاؤس کبھی خیبرپختونخوا کی ترقی میں رکاوٹ نہیں بنے گا، ہم اپنے صوبے میں امن چاہتے ہیں، ہم دلیل کے ساتھ حقوقِ لینے کی بات کرتے ہیں بدمعاشی سے حقوق لینے کے حق میں نہ تھے نہ ہیں، نہ ہی اس سے حقوق لیے جاسکتے ہیں۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ فورم موجود ہے اس پر اپنا مقدمہ لڑیں، پاکستان پیپلز پارٹی متعلقہ فورم پر خیبرپختونخوا سمیت صوبوں کی حقوق کی بات کرے گی، صوبائی حکومت کے لیے میرے دروازے کھلے ہیں، سیاست اپنی جگہ مگر صوبے کی حقوق اور مسائل کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے اور یہی عوام کے مفاد میں ہے، صوبائی حکومت کے ساتھ مل کر صوبے کے حقوق کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کو تیار ہوں۔












لائیو ٹی وی