• KHI: Clear 25.1°C
  • LHR: Partly Cloudy 19.5°C
  • ISB: Partly Cloudy 14.7°C
  • KHI: Clear 25.1°C
  • LHR: Partly Cloudy 19.5°C
  • ISB: Partly Cloudy 14.7°C

پی ایس ایل 11 میں 2 نئی ٹیموں کی شمولیت پر سنجیدگی سے غور کر رہے ہیں، سی ای او سلمان نصیر

شائع October 24, 2025
— فوٹو: پی سی بی / ویب سائٹ
— فوٹو: پی سی بی / ویب سائٹ

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلمان نصیر نے انکشاف کیا ہے کہ پی ایس ایل اپنی سب سے بڑی توسیع کے لیے تیار ہے، جس میں 2 نئی ٹیمیں اور 2 اضافی وینیو اگلے ایڈیشن میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے سلمان نصیر کا کہنا تھا کہ بورڈ ’اس بار پی ایس ایل 6 وینیوز پر کرانے کے لیے بہت سنجیدگی سے غور کر رہے ہیں، مزید کہا کہ ان شاء اللہ، ایچ بی ایل پی ایس ایل 11 اس بار 6 وینیوز پر کھیلا جائے گا۔‘

انہوں نے بتایا کہ پشاور کا عمران خان اسٹیڈیم تقریباً تیار ہے، جو پہلے ارباب نیاز اسٹیڈیم کہلاتا تھا، تاہم بین الاقوامی معیار کے میچز کے لیے کچھ آخری اپ گریڈز کی ضرورت ہے، ہم یقینی طور پر کوشش کر رہے ہیں کہ یہ پی ایس ایل 11 کے لیے تیار ہو۔

ان کا کہنا تھا کہ لیکن ہمیں اس کے لیے لیز ایگریمنٹ کا عمل بھی مکمل کرنا ہے، پی سی بی اگر ہمیں اس وینیو میں بڑی سرمایہ کاری کرنی ہے تو طویل مدتی لیز درکار ہے۔

سلمان نصیر نے تصدیق کی کہ فیصل آباد کو بھی ایک نئے میزبان شہر کے طور پر شامل کیا جا رہا ہے، جیسا کہ لوگ اندازہ لگا چکے ہوں گے، دوسرا وینیو فیصل آباد ہوگا کیونکہ وہاں انٹرنیشنل میچز شیڈول ہیں۔

لیگ کے توسیعی منصوبہ بندی کے حوالے سے پی ایس ایل چیف نے بتایا کہ پی سی بی اگلے سیزن کے لیے دو نئی فرنچائزز متعارف کرانے کا ہدف رکھتا ہے، اور ٹیموں کی فروخت کے لیے ٹینڈر کا عمل نومبر میں شروع ہو جائے گا، اس حوالے سے کافی دلچسپی دیکھی جا رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حالات جیسے نظر آ رہے ہیں، یہاں کافی سخت مقابلہ ہونے والا ہے۔

واضح رہے کہ پی ایس ایل 2016 میں پانچ ٹیموں کے ساتھ شروع ہوئی تھی، 2018 میں ملتان سلطانز کے اضافے سے 6 فرنچائزز تک بڑھ گئی تھی، دو مزید ٹیموں کی شمولیت اس کی سات سال بعد پہلی بڑی تنظیمِ نو ہوگی، جس سے کل ٹیموں کی تعداد 8 ہو جائے گی۔

سلمان نصیر کے انکشافات اس پیشرفت کے ایک دن بعد سامنے آئے ہیں، جب پی سی بی نے پی ایس ایل فرنچائز کے مالک علی خان ترین کو ایک قانونی نوٹس بھیجا تھا، جس میں بورڈ کے ساتھ فرنچائز معاہدے کے خاتمے کی دھمکی دی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق، پی سی بی علی خان ترین کی جانب سے پی ایس ایل انتظامیہ پر تنقید سے ناخوش ہے، جو ان کے خیال میں لیگ کو برانڈ کے طور پر بہتر بنانے میں ناکامی کی نشاندہی تھی۔

تاہم، پاکستان سپر لیگ کے فرنچائز ملتان سلطانز کے مالک علی ترین نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے قانونی نوٹس اور معافی مانگنے کے مطالبے کے پرخچے اڑا دیے تھے، ملتان سلطانز کے نوجوان مالک نے پی سی بی کے مطالبے پر سرعام ’معافی‘ تو مانگ لی تھی مگر اس سے معاملہ مزید بگڑنے کا خدشہ پیدا ہوگیا۔

کارٹون

کارٹون : 16 دسمبر 2025
کارٹون : 15 دسمبر 2025