امریکا میں خواتین کے مقابلے مرد جلد مرنے لگے، رپورٹ
دنیا کے سپر پاور ملک امریکا میں بیماریوں، منشیات اور مالی مشکلات جیسے مسائل سے دوچار ہوکر خواتین کے مقابلے مرد جلد مرنے لگے جب کہ ماہرین کا دعویٰ ہے کہ ملک میں مردوں کے اموات کے 85 فیصد کیسز کو کچھ اقدامات اٹھانے سے روکا جا سکتا ہے۔
طبی ویب سائٹ کے مطابق موویمبر نامی تنظیم اور پین نرسنگ کے پروگرام فار مینز ہیلتھ ایکوئٹی کی رپورٹ کے مطابق امریکا میں 53 فیصد مرد 75 سال کی عمر سے پہلے ہی مر جاتے ہیں اور یہ کہ کچھ اقدامات اٹھا کر ان میں سے زیادہ تر اموات کو روکا جا سکتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق 1980 میں امریکی مرد دوسرے ترقی یافتہ ممالک کے مردوں سے صرف 1.2 سال کم جیتے تھے لیکن 2023 میں یہ فرق بڑھ کر 4.5 سال ہو گیا، یعنی امریکی مرد اب جلد مر رہے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ امریکی مردوں کی موت کا امکان امریکی خواتین کے مقابلے میں دل کی بیماریوں، حادثات، خودکشی اور منشیات کے زیادہ استعمال سے دگنا ہے۔
ماہرین کے مطابق 15 سے 34 سال کے ایک چوتھائی سے زیادہ امریکی مرد تسلیم کرتے ہیں کہ وہ اکثر تنہائی کا شکار رہتے ہیں جو کہ دیگر ترقی یافتہ ممالک کے مقابلے میں سب سے زیادہ ہے، یعنی امریکی ذہنی صحت کے مسائل سے بھی دوچار ہیں۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ امریکی مردوں کی قبل از وقت موت کی پانچ بڑی وجوہات پر ہر سال 420 ارب ڈالر خرچ ہوتے ہیں لیکن اس باوجود اموات کی شرح بڑھ رہی ہے۔
امریکا میں مردوں کی جلد موت کی پانچ بڑی وجوہات میں امراض قلب، حادثات، خودکشی، منشیات کے زیادہ استعمال سے ہونے والی اموات اور کینسر سمیت دوسری بیماریاں شامل ہیں۔
تحقیق کرنے والی تنظیم نے تجویز دی کہ کہ صحت کے نظام اور پالیسیوں میں تبدیلیاں کرکے مردوں کی صحت کو بہتر بنیا جا سکت ہے، نظام میں دماغی صحت کے مسائل، دل کی بیماریوں اور منشیات کے استعمال کو روکنے کے لیے اقدامات شامل کیے جائیں۔
امریکا میں امراض قلب، منشیات، خودکشی اور دوسرے حادثات میں خواتین کی اموات نمایاں حد تک کم ہیں۔












لائیو ٹی وی