کراچی کے نواحی گوٹھ میں اسہال کی وبا پھوٹنے سے 9 اموات، پانی ناقابل استعمال قرار

شائع October 28, 2025
— فوٹو: انعم مشکور
— فوٹو: انعم مشکور

کراچی کے ضلع ملیر سے متصل ضلع جامشورو کے فیض محمد برفت گوٹھ میں آلودہ پانی کے باعث اسہال کی وبا پھوٹنے سے خواتین اور بچوں سمیت 9 افراد انتقال کرگئے۔

ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسر (ڈی ایچ او) ملیر کے مطابق ضلع جامشورو کے فیض محمد برفت گوٹھ میں اسہال اور ہیضہ کے باعث 9 بچے اور خواتین انتقال کرگئے۔

لیاقت یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈہیلتھ سائنسز نے گوٹھ کے پانی کو ناقابل استعمال قرار دے دیا، وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے کہا ہے کہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسر جامشورو اور ملیر کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے اور دونوں اضلاع کی صحت کی ٹیمیں مسلسل علاقے میں موجود ہیں، متاثرہ علاقہ جامشورو کی حدود میں ہے، ضلع ملیر سے قریب ہونے کے باعث دونوں اضلاع کی ٹیمیں کام کر رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اطلاعات ملنے کے بعد فوری طور پر میڈیکل کیمپ قائم کیا گیا، موبائل ہسپتال وینز بنیادی لیبارٹری رپورٹس اور دیگر طبی سہولتیں موقع پر فراہم کر رہی ہیں، جبکہ مریضوں کو منتقل کرنے کےلیے 1122 ایمبولینس سروس کو ہائی الرٹ کر دیا ہے۔

وزیر صحت نے بتایا کہ 36 بستروں پر مشتمل دمبہ گوٹھ ہسپتال اور سندھ گورنمنٹ مراد میمن ہسپتال میں 24 گھنٹے ایمرجنسی سروس فعال کر دی گئی ہے، 7 سے 10 روز قبل ایک فوتگی کے موقع پر زیرِ زمین آلودہ پانی اور مضرِ صحت کھانے کے استعمال سے وبا پھیلی، آلودہ پانی اور خوراک کے استعمال سے متعدد افراد متاثر ہوئے جن میں بچے اور خواتین شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت کی ٹیموں نے متاثرہ علاقے سے پانی کے نمونے جمع کر کے لیبارٹری بھجوا دیے ہیں، ابتدائی اندازوں کے مطابق پانی میں آلودگی اور بیکٹیریا کی موجودگی کی وجہ سے ہیضہ اور اسہال کے کیسز سامنے آئے۔

کارٹون

کارٹون : 15 دسمبر 2025
کارٹون : 14 دسمبر 2025