• KHI: Partly Cloudy 25.1°C
  • LHR: Partly Cloudy 20.2°C
  • ISB: Cloudy 18°C
  • KHI: Partly Cloudy 25.1°C
  • LHR: Partly Cloudy 20.2°C
  • ISB: Cloudy 18°C

آذربائیجان کا پاکستان میں بین الپارلیمانی اسپیکرز کانفرنس میں شرکت کا اعلان

شائع October 28, 2025
— فائل فوٹو: بشکریہ فیس بک
— فائل فوٹو: بشکریہ فیس بک

آذربائیجان نے پاکستان میں بین ال پارلیمانی اسپیکرز کانفرنس میں شرکت کا اعلان کر دیا۔

سینیٹ سیکریٹریٹ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے آذربائیجان کے آئین کی منظوری کی 30ویں سالگرہ کے موقع پر منعقدہ بین الاقوامی پارلیمانی کانفرنس کے موقع پر آذربائیجان کی قومی اسمبلی (ملی مجلس) کی اسپیکر صاحبا غفاروا سے باضابطہ دو طرفہ ملاقات کی۔

اعلامیے کے مطابق چیئرمین سینیٹ نے آذربائیجان کی قیادت اور عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان دیرینہ، برادرانہ اور اعتماد پر مبنی تعلقات کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ امن، سلامتی اور خوشحالی کی جدوجہد صرف انفرادی ریاستوں کا ہدف نہیں بلکہ پاکستان اور آذربائیجان کا مشترکہ مشن ہے۔ اور دونوں ملک مشترکہ مذہبی ، تاریخی اور ثقافتی مماثلتوں کے مضبوط رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔

اپنے بطور وزیراعظم پاکستان دورِ اقتدار کی یاد تازہ کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی نے بتایا کہ 2012ء میں ورلڈ اکنامک فورم ڈیووس کے موقع پر انہوں نے صدر الہام علیوف سے ملاقات کی تھی، جس میں توانائی، انفرااسٹرکچر اور زرعی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلۂ خیال ہوا، انہوں نے کہا کہ اُس وقت طے پانے والے اقدامات آج بھی دو طرفہ تعلقات کی مضبوط بنیاد فراہم کرتے ہیں۔

انہوں نے آذربائیجان کی قیادت کو اسلام آباد میں 10 تا 12 نومبر 2025ء تک ہونے والی “انٹر پارلیمنٹری اسپیکرز کانفرنس میں شرکت کی باضابطہ دعوت دی، انہوں نے کہا کہ یہ کانفرنس علاقائی امن، سلامتی اور ترقی پر جامع مکالمے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم فراہم کرے گی اور بین‌الپارلیمانی تعلقات کو مزید مضبوط بنائے گی۔

اس موقع پر آذربائیجان کی اسپیکر صاحبا غفاروا نے چیئرمین سینٹ کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور کہا کہ ایک ماہ کے دوران دونوں رہنماؤں کی یہ دوسری ملاقات دوطرفہ تعلقات کی مضبوطی کی علامت ہے۔

انہوں نے پاکستان کے دورے کے دوران فراہم کی گئی میزبانی پر شکریہ ادا کیا اور چیئرمین گیلانی کا ”سالِ آئین و ریاست“ کی تقریبات میں شرکت پر شکریہ ادا کیا، جو صدر الہام علیوف نے قرہ‌باغ ریجن پر مکمل خودمختاری کے بعد منانے کا اعلان کیا تھا۔

اسپیکر غفاروا نے آرمینیا کے ساتھ جاری امن و ترقیاتی اقدامات سے چیئرمین گیلانی کو آگاہ کیا اور کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی تعاون کے فروغ کے لیے مزید اقدامات کی ضرورت ہے۔

دونوں رہنماؤں نے باہمی روابط، پارلیمانی وفود کے تبادلوں، اور مشترکہ ترقیاتی و عوامی منصوبوں کے ذریعے تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

کارٹون

کارٹون : 26 مارچ 2026
کارٹون : 25 مارچ 2026