• KHI: Clear 17.4°C
  • LHR: Clear 12.1°C
  • ISB: Partly Cloudy 13.6°C
  • KHI: Clear 17.4°C
  • LHR: Clear 12.1°C
  • ISB: Partly Cloudy 13.6°C

لاہور آج بھی دنیا کا آلودہ ترین شہر قرار

شائع October 29, 2025
فوٹو: اے ایف پی
فوٹو: اے ایف پی

عالمی ماحولیاتی نگرانی کرنے والے ادارے آئی کیو ایئر کے مطابق آج بھی لاہور فضائی آلودگی کے لحاظ سے دنیا کا سب سے زیادہ آلودہ شہر قرار پایا۔

لاہور میں فضائی آلودگی خطرناک حدود کو چُھو رہی ہے اور پنجاب کا دارالحکومت آج بھی دنیا کا آلودہ ترین شہر قرار پایا، تاہم ایک دن قبل شہر کا ایئر کوالٹی انڈیکس 422کی خطرناک حد تک پہنچ گیا تھا، آج کم ہو کر 341 پر آگیا، تاہم یہ سطح اب بھی ’ انتہائی مضرِ صحت ’ کے زمرے میں آتی ہے۔

درجہ بندی میں لاہور کے بعد نئی دہلی کا ایئر کوالٹی انڈیکس 232، بیجنگ کا 222، کنشاسا اور کٹھمنڈو کا 155، اور کراچی کا 140 ریکارڈ کیا گیا۔

واضح رہے کہ 26 اکتوبر کو حکومت پنجاب نے صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے، اور صوبے بھر میں اسکولوں کے اوقات کار میں تبدیلی کرتے ہوئے اب کلاسیں صبح 8 بج کر 35 منٹ پر شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

24 اکتوبر کو ڈان اخبار کی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ ماحولیاتی بحران سے نمٹنے کے لیے لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے بھی بڑے پیمانے پر انسداد اسموگ مہم کا آغاز کر دیا، اس مہم میں 16 مکینیکل واشرز، 50 ریگولر واشرز اور 400 ورکرز سڑکوں کی صفائی اور پانی کے چھڑکاؤ پر مامور کیے گئے ہیں۔

پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے انسداد اسموگ کے لیے کیے گئے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا تھا کہ ان کی محنت ماحولیاتی بہتری کے ویژن کی کامیابی کا ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ ’ آنے والے برسوں میں پنجاب میں وہ بہتری دیکھنے میں آئے گی جو بیجنگ میں نظر آ رہی ہے۔’

انہوں نے مزید کہا تھا کہ اسموگ کو کم کرنے کے لیے کیے گئے اقدامات نے کسانوں کے رویے میں مثبت تبدیلی پیدا کی ہے۔

اسپیس اینڈ اپر ایٹموسفیر ریسرچ کمیشن (اسپارکو) کی رپورٹ کے مطابق اس سال ماحولیاتی خلاف ورزیوں کا اسکور 294 ریکارڈ کیا گیا۔

مریم اورنگزیب نے کہا تھا کہ ’ فضائی آلودگی پیدا کرنے والے کارخانوں کے خلاف کارروائی جاری ہے۔’

موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے لیے ڈان میڈیا گروپ کی مہم بریتھ پاکستان کا حصہ بنیں۔

کارٹون

کارٹون : 15 دسمبر 2025
کارٹون : 14 دسمبر 2025