ایشین یوتھ گیمز والی بال کے فائنل میں پاکستان کو ایران کے ہاتھوں شکست
پاکستان کی ایشین یوتھ گیمز میں ناقابلِ شکست پیش رفت بدھ کی رات ختم ہو گئی، جب ایران نے والی بال کے فائنل میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے تینوں سیٹس میں کامیابی حاصل کر کے طلائی تمغہ جیت لیا جبکہ پاکستان کو چاندی کے تمغے پر اکتفا کرنا پڑا۔
ایران نے پاکستان کو 25-21، 25-23 اور 25-23 سے ہرایا، اگرچہ پاکستانی ٹیم نے ہر سیٹ میں بھرپور مقابلہ کیا۔
یہ پاکستان کا جاری گیمز میں دوسرا تمغہ ہے، اس سے قبل لڑکوں کی کبڈی ٹیم نے گزشتہ ہفتے کانسی کا تمغہ جیتا تھا۔
پاکستان والی بال فیڈریشن (پی وی ایف) نے کہا کہ ٹیم نے چاندی کا تمغہ جیت کر قوم کو ’بے حد فخر اور عزت‘ بخشی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ٹورنامنٹ کے دوران ٹیم کی کارکردگی غیر معمولی رہی، پاکستان نے فائنل سے پہلے کوئی میچ نہیں ہارا، اور منگولیا، بحرین، ازبکستان، سعودی عرب اور چین جیسی ٹیموں کو شاندار انداز میں شکست دی‘۔
پی وی ایف کے مطابق ’فائنل میچ عزم اور ہمت کا مظہر تھا، پاکستانی کھلاڑیوں نے ہر سیٹ میں سخت جدوجہد کی، مگر معمولی فرق سے طلائی تمغہ حاصل کرنے سے محروم رہ گئے، اس کے باوجود، فائنل سے قبل ناقابلِ شکست رہنا پاکستان کے لیے نوجوان سطح پر والی بال میں ایک تاریخی کارنامہ ہے‘۔
ٹورنامنٹ کے دوران نمایاں کارکردگی محمد یحییٰ، محمد انس، محمد عرفان اور اجمل جنید نے دکھائی۔
فیڈریشن نے زور دیا کہ یہ کامیابی پی وی ایف کے ’طویل المدتی ترقیاتی منصوبے‘ کا حصہ ہے، جو چار سال قبل شروع کیا گیا تھا، جس کے تحت پاکستان نے پہلے انڈر 16 ایشین چیمپئن شپ میں طلائی تمغہ جیتا، پھر انڈر 18 ایشین چیمپئن شپ اور انڈر 19 ورلڈ چیمپئن شپ میں شرکت کی، اور اب 2025 کی تیسری ایشین یوتھ گیمز میں چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔












لائیو ٹی وی