• KHI: Partly Cloudy 26.5°C
  • LHR: Partly Cloudy 23°C
  • ISB: Partly Cloudy 21.8°C
  • KHI: Partly Cloudy 26.5°C
  • LHR: Partly Cloudy 23°C
  • ISB: Partly Cloudy 21.8°C

برطانیہ: لندن جانیوالی ٹرین پر چاقو حملے میں 9 افراد زخمی، 2 برطانوی شہری گرفتار

شائع November 2, 2025
وزیر داخلہ شبانہ محمود نے عوام سے اپیل کی کہ اس ابتدائی مرحلے پر قیاس آرائی سے گریز کریں۔
—فوٹو: اے ایف پی
وزیر داخلہ شبانہ محمود نے عوام سے اپیل کی کہ اس ابتدائی مرحلے پر قیاس آرائی سے گریز کریں۔ —فوٹو: اے ایف پی
—فوٹو: رائٹرز
—فوٹو: رائٹرز

برطانیہ کے علاقے کیمبرج شائر میں لندن جانے والی ایک ٹرین پر چاقو حملے کے نتیجے میں 9 افراد شدید زخمی ہوگئے، جن میں 2 کی حالت تشویشناک ہے جب کہ پولیس نے 2 برطانوی شہریوں کو گرفتار کر لیا ہے، وزیرِاعظم کئیر اسٹارمر نے اس واقعے کو ’انتہائی ہولناک‘ قرار دیا ہے۔

برطانوی اخبار دی گارڈین کی رپورٹ کے مطابق برٹش ٹرانسپورٹ پولیس نے بتایا کہ انسدادِ دہشت گردی پولیس بھی تحقیقات میں مدد کر رہی ہے، تاکہ واقعے کے حالات اور محرکات کا تعین کیا جا سکے، تاہم کابینہ کے ایک وزیر نے اتوار کو کہا کہ یہ غالباً ’الگ حملہ‘ تھا۔

پولیس نے تصدیق کی کہ اس دوران ’پلیٹو‘ کوڈ جاری کیا گیا، یہ وہ قومی ہنگامی کوڈ ہے جو اس وقت استعمال ہوتا ہے جب ممکنہ ’دہشت گرد حملہ‘ ہو، بعد میں یہ الرٹ واپس لے لیا گیا، اور واقعے کی وجہ یا محرک کے بارے میں کوئی بیان نہیں دیا گیا۔

2 برطانوی شہری گرفتار

برطانوی پولیس نے بتایا کہ ٹرین پر ہونے والے حملے کے بعد دو برطانوی شہریوں کو قتل کی کوشش کے شبے میں گرفتار کیا گیا ہے۔

برٹش ٹرانسپورٹ پولیس کے سپرنٹنڈنٹ جان لوو لیس نے صحافیوں کو بتایا کہ گرفتار کیے گئے افراد میں ایک 32 سالہ سیاہ فام برطانوی شہری اور ایک 35 سالہ برطانوی شہری جو کیریبین نسل سے تعلق رکھتا ہے شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس مرحلے پر کوئی ایسا ثبوت نہیں ملا جو یہ ظاہر کرے کہ یہ واقعہ دہشت گردی سے متعلق ہے۔

پولیس افسر نے مزید بتایا کہ حملے میں زخمی ہونے والے 9 افراد میں سے 4 کو ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا ہے، جب کہ 2 افراد کی حالت اب بھی تشویشناک ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ابتدائی طور پر کاؤنٹر ٹیررزم پولیس ہماری تحقیقات میں مدد کر رہی تھی، تاہم اس مرحلے پر کوئی شواہد نہیں ہیں جو اس واقعے کو دہشت گردی قرار دیں۔

پولیس اور ہنگامی کارروائیاں

کیمبرج شائر پولیس کے مطابق، ہفتے کی رات 7:39 بجے ہنٹنگڈن اسٹیشن پر واقعے کی اطلاع ملی۔

بیان میں کہا گیا کہ مسلح اہلکار موقع پر پہنچے اور ٹرین کو ہنٹنگڈن اسٹیشن پر روک لیا گیا، جہاں دو افراد کو گرفتار کیا گیا۔

ایسٹ آف انگلینڈ ایمبولینس سروس نے بتایا کہ ایک بڑی امدادی کارروائی شروع کی گئی، جس میں کئی ایمبولینسز، کمانڈر ٹیمیں اور ہیزرڈ رسپانس یونٹ شامل تھے، متعدد زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔

ایک عینی شاہد نے بتایا کہ وہ ٹرین میں موجود تھے جب ایک شخص چیختے ہوئے آیا اور کہا کہ ’اُن کے پاس چاقو ہے، مجھے چاقو مارا گیا ہے!‘

عینی شاہد کے مطابق، وہ شخص ’خون میں لت پت‘ تھا اور جیسے ہی ٹرین رکی ’وہ فرش پر گر گیا‘۔

ایک اور گواہ نے بتایا کہ زخمی لوگ چاقو بردار شخص سے بھاگتے ہوئے دوسرے ڈبوں میں داخل ہو رہے تھے۔

بعد میں مسلح پولیس کو ایک شخص پر بندوقیں تانے ہوئے دیکھا گیا، جو پلیٹ فارم پر بڑے چاقو کے ساتھ کھڑا تھا، اسے ٹیزر سے قابو کر کے گرفتار کر لیا گیا۔

یہ حملہ ڈانکاسٹر سے لندن کنگز کراس جانے والی ٹرین پر پیٹربرو اسٹیشن سے روانگی کے فوراً بعد ہوا، ہنٹنگڈن اسٹیشن کو مکمل طور پر بند کر دیا گیا اور تمام ریل لائنیں معطل ہیں۔

لندن نارتھ ایسٹرن ریلوے (ایل این ای آر) جو اس ٹرین کو چلاتی ہے، اس نے تصدیق کی کہ واقعہ انہی کی ٹرین پر پیش آیا ہے، اور مسافروں کو ’سفر نہ کرنے‘ کی ہدایت کی گئی ہے، ریلوے حکام کے مطابق سفری رکاوٹ پیر تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

برطانوی حکومت کا ردِعمل

وزیرِاعظم کئیر اسٹارمر نے ایک بیان میں کہا کہ ہنٹنگڈن کے قریب ٹرین پر ہونے والا یہ ہولناک واقعہ انتہائی تشویش ناک ہے، میری ہمدردیاں تمام متاثرہ افراد کے ساتھ ہیں، اور میں ہنگامی سروسز کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے فوری ردِعمل دیا۔

وزیر داخلہ شبانہ محمود نے کہا کہ وہ اس واقعے سے انتہائی افسردہ ہیں اور عوام سے اپیل کی کہ اس ابتدائی مرحلے پر قیاس آرائی سے گریز کریں۔

وزیر دفاع جان ہیلی نے کہا کہ ابتدائی جائزے کے مطابق یہ ایک ’تنہا حملہ‘ تھا، اس لیے عوام کو معمول کی زندگی جاری رکھنی چاہیے۔

شیڈو ہوم سیکریٹری کرس فلپ نے اسے ’وحشیانہ اجتماعی حملہ‘ قرار دیا اور کہا کہ پولیس اور حکومت کو جلد از جلد تفصیلات عوام کے سامنے لانی چاہئیں۔

پولیس نے عوام سے اپیل کی کہ اگر کسی کے پاس واقعے سے متعلق معلومات ہوں تو وہ آن لائن رپورٹ کریں یا 101 نمبر پر کال کریں، اور واقعہ نمبر 495 (مورخہ یکم نومبر) کا حوالہ دیں۔

کارٹون

کارٹون : 26 مارچ 2026
کارٹون : 25 مارچ 2026