بلوچستان: ضلع کیچ کی پہاڑی پٹی سے ایک ہفتہ قبل لاپتا ہونیوالے 4 افراد کی لاشیں برآمد

شائع November 3, 2025
لاشوں کی شناخت ذاکر، عبدالرازق، صادق اور پیر جان کے ناموں سے ہوئی، موٹرسائیکلیں جلی ہوئی حالت میں ملیں — فائل فوٹو: ڈان نیوز
لاشوں کی شناخت ذاکر، عبدالرازق، صادق اور پیر جان کے ناموں سے ہوئی، موٹرسائیکلیں جلی ہوئی حالت میں ملیں — فائل فوٹو: ڈان نیوز

اتوار کے روز بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے بولیدہ کی پہاڑی پٹی سے 4 مسخ شدہ لاشیں برآمد ہوئیں، حکام کے مطابق یہ افراد ایک ہفتہ قبل لاپتا ہوئے تھے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق اہلِ خانہ کے مطابق، مقتولین بولیدہ کے جارڈین علاقے میں تفریح کے لیے گئے تھے مگر واپس نہیں لوٹے۔

بعدازاں مقامی رہائشیوں نے علاقے میں لاشوں کی موجودگی کی اطلاع انتظامیہ کو دی، لیویز اہلکار موقع پر پہنچے، لاشوں کو اپنی تحویل میں لیا اور انہیں ہسپتال منتقل کیا۔

لاشوں کی شناخت ذاکر، عبدالرازق، صادق اور پیر جان کے ناموں سے ہوئی، ان میں سے تین کا تعلق بولیدہ کے علاقے زردان کوہا سے بتایا جاتا ہے، جبکہ چوتھا شخص جارڈین بازار کا رہائشی تھا۔

حکام کے مطابق لاشیں شدید مسخ شدہ تھیں اور مقتولین کی موٹر سائیکلیں جل کر تباہ حالت میں ملی ہیں، ورثا لاشیں وصول کرنے کے لیے علاقے کی طرف روانہ ہو گئے ہیں۔

تمپ میں فائرنگ سے نوجوان جاں بحق

نامعلوم حملہ آوروں نے اتوار کی شام کیچ کے علاقے تمپ میں موٹر سائیکل سوار باپ اور بیٹے کو سفر کے دوران روک کر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں بیٹا (جس کی شناخت عبدالرحمٰن کے نام سے ہوئی) موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔

حملہ آور فائرنگ کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

قتل کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی، جبکہ لیویز فورس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں، اب تک کسی گروہ نے واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 14 نومبر 2025
کارٹون : 13 نومبر 2025