کراچی میں ای چالان کے خلاف درخواست پر آئی جی سندھ، ڈی آئی جی ٹریفک کو نوٹس جاری
سندھ ہائی کورٹ نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر ای چالان کے خلاف درخواست پر آئی جی سندھ ، ڈی آئی جی ٹریفک اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 25 نومبر تک جواب طلب کرلیا۔
سندھ ہائیکورٹ میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر ای چالان کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔
درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر عائد کیے گئے جرمانے انتہائی زیادہ اور غیر منصفانہ ہیں، ملک کے دیگر حصوں بالخصوص لاہور میں جس خلاف ورزی پر جرمانہ 200 روپے ہے، کراچی میں 5 ہزار روپے ہے۔
وکیل نے دلیل میں مزید کہا کہ حکومت سندھ نے جولائی 2025 سے ملازمین کی کم سے کم تنخواہ 40 ہزار روپے مقرر کی ہے، اس تنخواہ میں سودا سلف، یوٹیلیٹی بلز اور بچوں کی تعلیم و دیگر ضروریات ہی پوری نہیں ہوتیں۔
وکیل نے کہا کہ ٹریفک قوانین کی اصلاحات صوبے کے دوسرے بڑے شہروں میں نافذ نہیں کی گئیں، فریقین کو ہدایت کی جائے کہ وہ عدالت کو ان جرمانوں کے منصفانہ ہونے کے بارے میں مطمئن کریں اور عائد کئے گئے جرمانوں کے عمل کو فوری طور معطل کیا جائے۔
درخواست میں چیف سیکریٹری سندھ، آئی جی سندھ، ڈی آئی جی ٹریفک کو فریق بنایا گیا ہے، ڈائریکٹر جنرل ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن اور ڈائریکٹر جنرل نادرا بھی فریق بنایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ 27 اکتوبر کو وزیرِ اعلیٰ سندھ نے سینٹرل پولیس آفس (سی پی او) میں ٹریفک ریگولیشن اینڈ سائٹیشن سسٹم (ٹریکس) کا افتتاح کیا تھا، جسے عام طور پر ای چالان سسٹم کہا جاتا ہے۔
انہوں نے وضاحت کی تھی کہ نیا نظام پرانے دستی چلان کی جگہ ایک مکمل خودکار ای ٹکٹنگ میکانزم نے لے لی ہے، جو جدید مصنوعی ذہانت سے مربوط سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے خلاف ورزیاں خودکار طور پر شناخت کرتا ہے، جن میں تیز رفتاری، سگنل توڑنا اور ہیلمٹ نہ پہننا شامل ہیں۔
پولیس کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک 26 ہزار 609 چلان کیے گئے ہیں، جن میں سیٹ بیلٹ نہ باندھنے پر 17 ہزار 639، ہیلمٹ نہ پہننے پر 6 ہزار 362، اوور اسپیڈنگ پر ایک ہزا ر967 اور سگنل توڑنے پر ایک ہزار 655 چلان کیے گئے ہیں۔
اسی طرح 943 ای چلان گاڑی چلاتے ہوئے موبائل فون استعمال کرنے پر، کالے شیشے لگانے پر 298، نوپارکنگ پر 165، غلط سمت میں گاڑی چلانے پر 162، اور ون وے پر الٹی سمت جانے پر 44 ای چالان کیے گئے۔
پولیس کے مطابق گاڑی کی چھت پر مسافر بٹھانے پر 152، اسٹاپ لائن کی خلاف ورزی پر 91، لائن کی خلاف ورزی پر 65، غلط لوڈنگ پر 44 اور زیادہ وزن پر 37 ای چلان کیے گئے۔
تاہم کسی کو بھی فینسی نمبر پلیٹ، اچانک لین بدلنے یا وقت پر ٹیکس ادا نہ کرنے پر چالان نہیں کیا گیا۔













لائیو ٹی وی