سری لنکا اور زمبابوے کا دورہ پاکستان، سیکیورٹی کیلئے رینجرز کی خدمات طلب

شائع November 4, 2025
— فائل فوٹو: ڈان
— فائل فوٹو: ڈان

سری لنکا اور زمبابوے کی کرکٹ ٹیموں کے دورہ پاکستان کے موقع پر سیریز کے دوران سیکیورٹی کے لیے پاکستان رینجرز کی خدمات طلب کرلی گئیں۔

ڈان نیوز کے مطابق چیف کمشنر آفس اسلام آباد نے وفاقی وزارت داخلہ کو خط لکھ دیا جس میں سہ فریقی کرکٹ سیریز کے دوران سیکیورٹی کے لیے پاکستان رینجرز کی خدمات طلب کرلی گئیں۔

چیف کمشنر آفس اسلام آباد کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا کہ سری لنکا، زمبابوے کی ٹیموں کا 7 سے 20 نومبر تک اسلام آباد کا دورہ شیڈول ہے۔

خط کے مطابق راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں 3 ون ڈے انٹرنیشنل اور 2 ٹی20 انٹرنیشنل میچز کھیلے جائیں گے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ رینجرز کی خدمات ٹیموں کی موٹرکیڈ روٹ، وینو ڈیوٹیز کے لیے مانگی گئی ہیں۔

یاد رہے کہ حالیہ پاک-افغان کشیدگی کی آڑ میں افغانستان نے پاکستان اور سری لنکا کے ساتھ سہ ملکی سیریز کھیلنے سے انکار کر دیا تھا۔

افغانستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے سوشل میڈیا سائٹ ’ایکس‘ پر غلط معلومات پر مبنی ایک بیان جاری کیا گیا جس میں پاکستان کے خلاف افغانستان میں حملوں کا پروپیگنڈا کیا گیا۔

افغانستان نے حالیہ کشیدگی کی آڑ میں پاکستان کے ساتھ کرکٹ کھیلنے سے انکار کرتے ہوئے اگلے ماہ پاکستان میں شیڈول سہ ملکی سیریز کی منسوخی کا اعلان کیا تھا۔

جس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے متبادل ٹیم کی تلاش شروع کی گئی اور پھر زمبابوے کرکٹ نے پی سی بی کی جانب سے سہ ملکی سیریز کھیلنے کی دعوت قبول کرلی۔

پاکستان، زمبابوے اور سری لنکا کے درمیان سہ فریقی ٹی 20 سیریز شیڈول کے مطابق کھیلی جائے گی، 3 ملکی سیریز کے مقابلے 17 سے 29 نومبر تک راولپنڈی اور لاہور میں منعقد ہوں گے۔

کارٹون

کارٹون : 11 نومبر 2025
کارٹون : 10 نومبر 2025