بھارتی ریاست چھتیس گڑھ میں مسافر ٹرین مال گاڑی سے ٹکرا گئی، 8 افراد ہلاک

شائع November 4, 2025
— فوٹو: اے این آئی / اسکرین گریب
— فوٹو: اے این آئی / اسکرین گریب

بھارت کی وسطی ریاست چھتیس گڑھ میں ایک مسافر ٹرین اور ایک مال گاڑی کے درمیان تصادم ہو گیا، جس کے نتیجے میں کم از کم 8 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق نائب وزیر اعلیٰ ارون ساؤ نے صحافیوں کو بتایا کہ حادثے کے وقت مال گاڑی رکی ہوئی تھی، جس سے پیچھے سے آنے والی مسافر ٹرین ٹکرا گئی، نتیجتاً مسافر ٹرین کی چند بوگیاں بری طرح متاثر ہوئیں۔

ٹیلی ویژن فوٹیج میں دکھایا گیا کہ مسافر ٹرین کی پہلی بُوگی مڑی تڑی حالت میں مال گاڑی کی آخری بُوگی کے اوپر چڑھی ہوئی تھی، جبکہ پولیس اور ریسکیو ٹیمیں زندہ بچ جانے والوں کو نکالنے کی کوشش کر رہی تھیں اور ٹریک کے دوسرے کنارے لوگ تماشائی بنے کھڑے تھے۔

ریلوے حکام نے کہا کہ اس واقعے کی تفصیلی تحقیقات کی جائیں گی۔

واضح رہے کہ بھارت کا ریلوے نیٹ ورک دنیا کا چوتھا بڑا نظام ہے، جو اس وقت 30 ارب ڈالر کی لاگت سے نئی ٹرینوں اور جدید اسٹیشنوں کے ساتھ ایک بڑے تبدیلی کے عمل سے گزر رہا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 11 نومبر 2025
کارٹون : 10 نومبر 2025