اوکاڑہ: ذہنی عدم توازن کا شکار شخص کےخلاف قرآنی اوراق جلانے کا مقدمہ درج
صوبہ پنجاب کے ضلع اوکاڑہ کے گاؤں میں ذہنی عدم توازن کا شکار ادھیڑ عمر شخص کے خلاف قرآن پاک کے اوراق جلانے کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔
ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق منگل کی دوپہر اوکاڑہ کے علاقے نُور شاہ کے گاؤں 55-جی ڈی کی ایک مسجد میں قرآنِ پاک کے اوراق جلانے کے الزام میں تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 295-بی کے تحت درج مقدمے میں ایک ذہنی بیمار شخص کو نامزد کردیا گیا۔
نُور شاہ تھانے کے ایس ایچ او عرفان رسول نے ’ڈان‘ کو بتایا کہ ملزم کے خلاف مقدمہ گاؤں کے رہائشی مظہر بشیرا کی شکایت پر درج کیا گیا۔
ایس ایچ او کے مطابق اطلاع ملتے ہی وہ فوراً موقع پر پہنچے، مسجد کے احاطے کو گھیرے میں لیا اور ملزم کو گرفتار کر لیا۔
دفعہ 295-بی قرآنِ پاک یا اس کے کسی حصے کی دانستہ بے حرمتی، نقصان یا توہین سے متعلق ہے اور اس جرم کی سزا عمر قید ہے۔
پولیس رپورٹ کے مطابق مبینہ واقعہ ظہر کی نماز کے بعد گاؤں کی ایک دو کمروں پر مشتمل مسجد میں پیش آیا، جہاں کوئی مستقل امام مقرر نہیں اور چند مقامی افراد ہی نماز پڑھنے آتے ہیں۔
شکایت کنندہ کا کہنا تھا کہ اس نے اپنی آنکھوں سے ملزم کو قرآن کے اوراق جلاتے دیکھا اور فوراً دیگر دیہاتیوں کو اطلاع دی، جو مسجد میں جمع ہو گئے، اس کا دعویٰ ہے کہ دیگر مقامی افراد نے بھی اس واقعے کو اپنی آنکھوں سے دیکھا۔
نُور شاہ پولیس کی جانب سے درج ایف آئی آر میں دو عینی شاہدین کے بیانات شامل ہیں، جن میں سے ایک شوکت نامی شخص نے واقعے کی تصدیق کی۔
شکایت کنندہ نے مبینہ طور پر واقعے کی ویڈیو بھی اپنے موبائل فون سے بنائی، جو بعد میں پولیس کے حوالے کر دی گئی۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شکایت کنندہ فرش پر بیٹھے ہوئے ملزم سے اس کے عمل کے بارے میں سوال کر رہا ہے، جب کہ ملزم بظاہر یہ نہیں جانتا کہ اسے ریکارڈ کیا جا رہا ہے اور وہ ذہنی طور پر غیر متوازن معلوم ہوتا ہے۔
نو تعینات ضلعی پولیس افسر (ڈی پی او) عثمان ٹیپو نے بھی مسجد کا دورہ کیا، ویڈیو شواہد حاصل کیے اور پولیس کو ہدایت کی کہ گاؤں میں امن و امان برقرار رکھا جائے۔
ہجوم کے ممکنہ ردعمل سے بچنے کے لیے پولیس نے ملزم کو فوراً ایک محفوظ مقام پر منتقل کر دیا، حکام نے تسلیم کیا کہ ملزم ذہنی طور پر غیر متوازن لگتا ہے اور گاؤں 55-جی ڈی کا رہائشی نہیں ہے۔
مقامی افراد نے پولیس کو بتایا کہ وہ کچھ دنوں سے عارضی طور پر مسجد میں رہائش پذیر تھا۔
ڈی پی او کے مطابق ملزم کا بدھ کے روز طبی معائنہ کرایا جائے گا، جس کے بعد اسے جوڈیشل مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا جائے گا۔












لائیو ٹی وی