• KHI: Clear 25.4°C
  • LHR: Partly Cloudy 18.3°C
  • ISB: Partly Cloudy 13.1°C
  • KHI: Clear 25.4°C
  • LHR: Partly Cloudy 18.3°C
  • ISB: Partly Cloudy 13.1°C

والد کے ساتھ ہمیشہ جھجھک رہی، ساری زندگی صحیح سے بات نہیں کرسکا، کاشف محمود

شائع November 6, 2025
— فوٹو: اسکرین گریب
— فوٹو: اسکرین گریب

اداکار کاشف محمود نے اپنے والد کے ساتھ تعلقات پر بات کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ انہیں زندگی بھر اس بات کا افسوس رہا کہ وہ اپنے والد کے ساتھ صحیح طرح بات چیت نہیں کر سکے۔

کاشف محمود نے حال ہی میں پروگرام ’زبردست وِد وصی شاہ‘ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنے والد کے ساتھ تعلقات پر کھل کر بات کی۔

ان کا کہنا تھا کہ انہیں زندگی میں سب سے زیادہ اس بات کا غم ہے کہ وہ اپنے والد سے صحیح طرح سے گھل مل نہیں سکے۔

انہوں نے کہا کہ ان کے اور والد کے درمیان ہمیشہ ایک جھجھک، لحاظ اور تکلف رہا، جسے وہ اپنی پوری زندگی میں ختم نہیں کر سکے۔

کاشف محمود نے بتایا کہ ایسا نہیں تھا کہ ان کا والد سے بات کرنے کا دل نہیں کرتا تھا، لیکن وہ سمجھ نہیں پاتے تھے کہ ان سے کیا بات کریں۔

ان کے مطابق انہیں لگتا ہے کہ ٹین ایج کے دوران باپ اور بیٹے کے درمیان فاصلہ بڑھنا شروع ہو جاتا ہے، اس وقت بیٹے کو لگتا ہے کہ باپ اس کی زندگی کا سب سے بڑا ’ولن‘ ہے کیونکہ وہ اسے ہر غلط کام سے روکتا ہے۔

اداکار نے کہا کہ اگرچہ ماں بھی غلط کاموں سے روکتی ہے، مگر ماں کی ڈانٹ یا مار کا اثر اتنا گہرا نہیں ہوتا جتنا باپ کی ڈانٹ یا مار کا ہوتا ہے، جو اولاد کو طویل عرصے تک یاد رہتی ہے۔

کاشف محمود نے مزید کہا کہ اگرچہ ان کے اور والد کے تعلقات خراب نہیں تھے، لیکن ایک غیر معمولی جھجھک ہمیشہ رہی اور وہ اپنے والد کے اتنے قریب کبھی نہیں ہو سکے جتنا ہونا چاہیے تھا۔

انہوں نے بتایا کہ ان کے والد ان سے ناراض نہیں تھے بلکہ خوشی خوشی اس دنیا سے رخصت ہوئے۔

اداکار نے کہا کہ وہ نافرمان نہیں ہیں اور اپنے والد کے نام پر ایک ہسپتال بھی تعمیر کر چکے ہیں، تاہم اس جھجھک کا احساس ان کے دل میں ہمیشہ رہا۔

آخر میں کاشف محمود نے پیغام دیا کہ جن لوگوں کے والدین ابھی زندہ ہیں، اگر ان کے درمیان کوئی جھجھک ہے تو اسے فوراً دور کرنے کی کوشش کریں اور والدین کو بھی چاہیے کہ وہ اپنے بیٹوں سے اس جھجھک کو ختم کرنے میں پہل کریں۔

کارٹون

کارٹون : 15 دسمبر 2025
کارٹون : 14 دسمبر 2025