• KHI: Partly Cloudy 26.1°C
  • LHR: Sunny 21.1°C
  • ISB: Partly Cloudy 20°C
  • KHI: Partly Cloudy 26.1°C
  • LHR: Sunny 21.1°C
  • ISB: Partly Cloudy 20°C

ڈراما ’جمع تقسیم‘ میں نیا تنازع، لیلیٰ اور قیس کے گھر دونوں والدین کی آمد سے کشیدگی بڑھ گئی

شائع November 6, 2025
—فوٹو: ریویو پی کے
—فوٹو: ریویو پی کے

ہم ٹی وی پر نشر ہونے والا مقبول ڈراما سیریل ’جمع تقسیم‘ اپنی کہانی کے نئے موڑ کے ساتھ ناظرین کی توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔

حال ہی میں نشر ہونے والی قسط میں دکھایا گیا کہ لیلیٰ اور قیس کے گھر دونوں والدین کی آمد سے گھریلو ماحول میں کشیدگی بڑھ گئی ہے، جس نے کہانی میں ایک نیا تنازع کھڑا کر دیا ہے۔

’جمع تقسیم‘ میں مشترکہ خاندانی نظام کی حقیقت اور اس میں چھپی تلخیاں نہایت خوبصورتی سے اجاگر کی گئی ہیں، ہر کردار اپنی منفرد پہچان رکھتا ہے، جب کہ خواتین میں یہ کہانی خاص طور پر بے حد مقبول ہو رہی ہے۔

گزشتہ روز ڈرامے کی 17ویں قسط نشر ہوئی، جس میں کہانی نے ایک نیا موڑ لیا، قسط میں دکھایا گیا کہ لیلیٰ اور قیس کے گھر اب دونوں کے والدین رہنے کے لیے آ گئے ہیں۔

ابتدا میں لیلیٰ کے والدین اپنی بیٹی کے اصرار پر اس کے گھر منتقل ہوتے ہیں، کیوں کہ وہ دونوں اکیلے رہ رہے ہوتے ہیں اور لیلیٰ کی والدہ کی حالیہ ریٹائرمنٹ کے بعد وہ اداسی اور تنہائی محسوس کر رہی ہوتی ہیں، اسی لیے لیلیٰ انہیں اپنے پاس لے آتی ہے۔

دوسری جانب قیس کے والد کو بچوں سے دوری کے غم میں دل میں تکلیف ہوتی ہے، جس کے بعد وہ قیس کے اصرار پر اپنی اہلیہ کے ساتھ اس کے گھر منتقل ہو جاتے ہیں۔

قسط میں یہ بھی دکھایا گیا کہ لیلیٰ اور قیس کے والدین ایک دوسرے کی موجودگی میں کچھ غیر آرام دہ محسوس کر رہے ہیں، جس کی وجہ دونوں خاندانوں کے نظریات میں فرق ہے۔

قیس کے والدین قدامت پسند جب کہ لیلیٰ کے والدین آزاد خیال ہیں، اسی لیے گھر کے ماحول میں ایک جھجھک نمایاں ہے۔

کہانی میں اس وقت مزید کشیدگی پیدا ہوتی ہے، جب لیلیٰ کو ایک بہترین ادارے سے انٹرویو کی کال موصول ہوتی ہے، لیکن اسی دوران گھر میں ایک پیچیدہ صورتحال پیدا ہو جاتی ہے۔

دونوں خاندان ایک ہی چھت کے نیچے موجود ہوتے ہیں اور ساسوں کے درمیان کھل کر ٹکراؤ سامنے آ جاتا ہے۔

اس موقع پر لیلیٰ کی والدہ زبیا اپنی بیٹی کے سسرال والوں کو ان کے غلط اور قدامت پسند رویے پر آڑے ہاتھوں لیتی ہیں، پہلی بار ڈرامے میں لیلیٰ کی والدہ کو اپنی بیٹی کے حقِ آزادی کا دفاع کرتے ہوئے دکھایا گیا۔

قسط نشر ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے دلچسپ تبصرے سامنے آئے۔

ایک صارف نے لکھا کہ دونوں خاندانوں کے رویے سے یہ اندازہ ہوتا ہے کہ تعلیم انسان کے لیے کتنی اہم ہے۔

بعض صارفین نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ جب بیٹے کے گھر میں اس کے والدین رہ سکتے ہیں تو بیٹی کے گھر میں اس کے والدین کیوں نہیں رہ سکتے؟

کارٹون

کارٹون : 15 دسمبر 2025
کارٹون : 14 دسمبر 2025