• KHI: Clear 17.9°C
  • LHR: Partly Cloudy 12.7°C
  • ISB: Partly Cloudy 13.8°C
  • KHI: Clear 17.9°C
  • LHR: Partly Cloudy 12.7°C
  • ISB: Partly Cloudy 13.8°C

پاکستان اور برطانیہ کا کرپشن کے خاتمے کیلئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرنے کا فیصلہ

شائع November 12, 2025
فریقین نے بدعنوانی، مالیاتی جرائم اور منی لانڈرنگ سے متعلق انٹیلی جنس تبادلے کو وسعت دینے پر بھی اتفاق کیا — فوٹو: پی آئی ڈی
فریقین نے بدعنوانی، مالیاتی جرائم اور منی لانڈرنگ سے متعلق انٹیلی جنس تبادلے کو وسعت دینے پر بھی اتفاق کیا — فوٹو: پی آئی ڈی

قومی احتساب بیورو (نیب) اور برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی (این سی اے) نے منگل کے روز بدعنوانی کے خلاف اپنی شراکت کو مضبوط بنانے کے لیے مفاہمت کی یادداشتِ (ایم او یو) پر دستخط کرنے پر اتفاق کرلیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق یہ فیصلہ نیب کے قائم مقام چیئرمین سہیل ناصر اور این سی اے کے ڈائریکٹر جنرل گریم بگار کے درمیان ملاقات کے دوران کیا گیا۔

نیب کی جانب سے جاری ایک پریس ریلیز کے مطابق اس ملاقات کا بنیادی مقصد دونوں اداروں کے درمیان دوطرفہ تعاون کو فروغ دینا اور معلومات کے تبادلے اور استعداد کار میں اضافے سے متعلق مفاہمتی یادداشت کو حتمی شکل دینا تھا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سہیل ناصر نے یادداشت کے مسودے کو حتمی شکل دینے میں این سی اے کے تعاون کو سراہا، انہوں نے یقین دلایا کہ نیب اس اہم معاہدے کو مکمل کرنے کے لیے تمام ضروری قانونی تقاضے جلد از جلد پورے کرے گا۔

قائم مقام چیئرمین نے نیب اور برطانیہ کی انسدادِ بدعنوانی ایجنسیوں کے درمیان موجودہ مضبوط تعاون کو اجاگر کیا، جو اس وقت رسمی اور غیر رسمی دونوں ذرائع سے معلومات کے تبادلے کے ذریعے جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجوزہ یادداشت دونوں ممالک کے درمیان بدعنوانی کے خلاف باہمی کوششوں کو مزید مستحکم کرنے میں سنگِ میل ثابت ہوگی۔

یہ یادداشت دونوں ممالک کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان بروقت تعاون کو فروغ دے گی، جس سے چوری شدہ اثاثوں کی فوری واپسی اور بدعنوانی کے مقدمات کے مؤثر انداز میں نمٹانے کی راہ ہموار ہوگی۔

دونوں فریقین نے بدعنوانی، مالیاتی جرائم اور منی لانڈرنگ سے متعلق انٹیلی جنس اور معلومات کے غیر رسمی تبادلے کو وسعت دینے پر بھی اتفاق کیا۔

کارٹون

کارٹون : 14 دسمبر 2025
کارٹون : 13 دسمبر 2025