ڈیرہ اسمٰعیل خان: بس سے 91 کروڑ روپے مالیت کی 15 کلو آئس برآمد
پاکستان کسٹمز نے ڈیرہ اسمٰعیل خان میں اسمگلنگ کی ایک بڑی کوشش ناکام بناتے ہوئے ایک مسافر بس سے 15.2 کلوگرام کرسٹل میتھ ایمفیٹامین (آئس) برآمد کر لی، جس کی مالیت تقریباً 91 کروڑ روپے بتائی گئی ہے۔
ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق ایف بی آر کا کہنا ہے کہ کسٹمز انفورسمنٹ ٹیم نے معمول کے چیک کے دوران آئی پی-جے سی پی امان میلہ، ڈیرہ اسمٰعیل خان پر ایک مسافر بس سے غیر ملکی ساختہ منشیات کی بڑی مقدار پکڑلی۔
یہ منشیات بس میں نصب 3 خاص طور پر تیار کردہ انورٹرز کے اندر چھپائی گئی تھیں، بس کے ڈرائیور اور کنڈکٹر کو موقع پر ہی گرفتار کر لیا گیا اور ان کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی۔
برآمد ہونے والی منشیات 15 پیکٹوں پر مشتمل تھیں جن کی مجموعی مالیت 91 کروڑ 2 لاکھ روپے سے زائد ہے۔
جب یہ منشیات آئی پی-جے سی پی امان میلہ سے ریاستی گودام منتقل کی جا رہی تھیں تو کسٹمز عملے پر ایک نامعلوم مسلح شخص نے حملہ کر دیا اور قافلے پر اندھا دھند فائرنگ کی، تاہم کسٹمز ٹیم کے بروقت اور مؤثر جواب نے اہلکاروں اور قبضے میں لی گئی منشیات دونوں کو محفوظ رکھا۔












لائیو ٹی وی