راولپنڈی: انسداد دہشتگردی کی عدالت سے علیمہ خان کے دسویں بار وارنٹ گرفتاری جاری
راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت (اے ٹی سی) نے 26 نومبر کے احتجاج پر درج کیے گئے مقدمے میں بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کے ایک بار پھر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔
ڈان نیوز کے مطابق اے ٹی سی راولپنڈی میں علیمہ خان سمیت 11 ملزمان کے خلاف 26 نومبر کے پُرتشدد احتجاج کے حوالے سے درج مقدمے کی سماعت جج امجد علی شاہ نے کی۔
علیمہ خان اور ان کے وکلا آج بھی عدالت میں پیش نہیں ہوئے، مقدمے میں نامزد دیگر ملزمان عدالت میں موجود تھے، عدالت نے دسویں مرتبہ علیمہ خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔
علیمہ خان سمیت 11 ملزمان کے خلاف تھانہ صادق آباد میں مقدمہ درج ہے، علیمہ خان اور دیگر ملزمان پر جلاؤ گھیراو، کارسرکار میں مداخلت اور کارکنان کو پرتشدد احتجاج پر اکسانے کا الزام ہے۔
واضح رہے کہ انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت (اے ٹی سی) راولپنڈی نے گزشتہ ماہ 26 نومبر کے پُر تشدد احتجاج پر تھانہ صادق آباد میں درج مقدمے میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خانم سمیت 10 ملزمان پر فرد جرم عائد کی تھی۔
جج امجد علی شاہ نے 26 نومبر احتجاج کیس کی سماعت کی تھی، کیس میں علیمہ خانم کے وکیل نے عدالتی دائرہ اختیار کو بھی چیلنج کر رکھا ہے۔
عدالت نے علیمہ خانم سمیت 10 ملزمان پر فرد جرم عائد کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر استغاثہ کے 5 گواہان طلب کرلیے تھے۔












لائیو ٹی وی