وزیراعظم کا فیصل ممتاز راٹھور سے رابطہ، وزیراعظم آزاد کشمیر منتخب ہونے پر مبارکباد
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے آزاد جموں و کشمیر کے نومنتخب وزیرِ اعظم راجا فیصل ممتاز راٹھور کو مبارکباد دی اور انہیں یقین دلایا کہ خطے کی خوشحالی اور ترقی وفاقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
سرکاری نشریاتی ادارے پی ٹی وی نیوز کے مطابق ٹیلی فونک گفتگو میں شہباز شریف نے راجا فیصل ممتاز راتھوڑ کو اے جے کے کے نئے وزیرِ اعظم منتخب ہونے پر دلی مبارک باد پیش کی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی میں وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد کامیاب ہو گئی تھی، اور فیصل ممتاز راٹھور وزیراعظم آزاد کشمیر منتخب ہوئے تھے۔
چوہدری انوار الحق کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد 36 ووٹوں سے منظور ہوئی، جن میں پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے ارکان شامل تھے، جب کہ تحریکِ انصاف کے 2 اپوزیشن اراکین نے تحریک کے خلاف ووٹ دیا۔
ٹیلی فونک گفتگو میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آزاد جموں کشمیر کے عوام کی ترقی اور خوشحالی وفاقی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے یقین دلایا کہ مرکز خطے کے عوام کی فلاح، معاشی ترقی، خوشحالی، اور امن و سلامتی کے لیے آزاد کشمیر حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔
شہباز شریف نے اس بات کا بھی عزم ظاہر کیا کہ وفاقی حکومت آزاد کشمیر کی حکومت کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ انہوں نے نومنتخب وزیرِ اعظم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔
فیصل ممتاز راٹھور گزشتہ 4 برسوں میں آزاد کشمیر کے چوتھے اور 1975 میں خطے میں پارلیمانی نظام متعارف کرائے جانے کے بعد 16ویں وزیرِ اعظم ہیں۔
آزاد کشمیر کے آئین کے تحت، موجودہ وزیرِ اعظم کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد خود بخود بطور نئے نامزد وزیرِ اعظم کے حق میں ووٹ تصور کی جاتی ہے، اگر اسی قرارداد میں متبادل امیدوار کا نام دیا گیا ہو۔
فیصل ممتاز راٹھور آج مظفرآباد میں ایوانِ صدر میں اے جے کے کے نئے وزیرِ اعظم کے طور پر حلف اٹھائیں گے۔
قبل ازیں اطلاعات تھیں کہ حلف صدر بیرسٹر سلطان محمود لیں گے، تاہم صدر کی علالت کے باعث وہ حلف نہیں لیں گے، اس صورت میں آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر چوہدری لطیف اکبر ان کی جگہ یہ ذمہ داری ادا کریں گے۔












لائیو ٹی وی