وزیر خارجہ اسحٰق ڈار کی جی ایس پی پلس کے معاملے پر یورپین کونسل کے صدر سے بات چیت
نائب وزیراعظم اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے یورپی یونین کونسل کے صدر انتونیو کوسٹا کے ساتھ جنرلائزڈ اسکیم آف پریفرنسز پلس (جی ایس پی۔پلس) کے حوالے سے بات چیت کی، جس کا جائزہ رواں ماہ ہونا ہے۔
واضح رہے کہ جی ایس پی پلس اسٹیس یورپی یونین کی جانب سے 2014 میں دیا گیا تھا، جس کے نتیجے میں پاکستانی ٹیکسٹائل کی یورپی یونین کو برآمدات میں 108 فیصد اضافہ ہوا کیونکہ ٹیرف میں نرمی کی گئی، اکتوبر 2023 میں یورپی پارلیمنٹ نے متفقہ طور پر پاکستان سمیت ترقی پذیر ممالک کے لیے جی ایس پی پلس حیثیت مزید 4 سال(2027 تک) بڑھانے کی منظوری دی تھی تاکہ وہ یورپی برآمدات پر ڈیوٹی فری یا کم سے کم ڈیوٹی کا فائدہ اٹھا سکیں۔
آنے والے جی ایس پی پلس مانیٹرنگ مشن کو ایران-اسرائیل تنازع کی وجہ سے جون سے مؤخر کیا گیا تھا اور یہ پاکستان کے اُن 27 بین الاقوامی کنونشنز پر عملدرآمد کا جائزہ لے گا جو اس تجارتی اسکیم سے منسلک ہیں، جس کے تحت زیادہ تر پاکستانی مصنوعات کو ڈیوٹی فری رسائی حاصل ہے۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ وزیر خارجہ اسحٰق ڈار نے بیلجیم کے دارالحکومت برسلز میں انتونیو کوسٹا سے ملاقات کی، جس میں دونوں رہنماؤں نے جی ایس پی پلس، تجارت اور اقتصادی تعاون میں توسیع کے علاوہ علاقائی و عالمی سیکیورٹی کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔
دونوں نے کثیرالجہتی تعاون کے لیے اپنے مضبوط عزم کا اعادہ بھی کیا۔
دفتر خارجہ کے مطابق دونوں فریقین نے پاکستان اور یورپی یونین کے تعلقات کی مثبت سمت پر اطمینان کا اظہار کیا اور متعدد شعبوں میں باہمی فائدے پر مبنی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا۔
وزیر خارجہ اسحٰق ڈار نے پاکستان کے لیے یورپی یونین کی دوطرفہ اور کثیرجہتی تعاون کی حمایت کو بھی سراہا۔
دفتر خارجہ نے مزید بتایا کہ دونوں فریقین نے مشترکہ ترجیحات کو آگے بڑھانے اور اہم شعبوں میں تعاون کو گہرا کرنے کے لیے مل کر کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
یاد رہے کہ وزیر خارجہ اسحٰق ڈار ماسکو میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے اجلاس میں شرکت کے بعد آج صبح بیلجیم پہنچے، تین روزہ دورے کے دوران وہ پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان ساتویں اسٹریٹجک ڈائیلاگ میں شرکت کریں گے۔
دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان-ای یو اسٹریٹجک ڈائیلاگ دونوں فریقین کے درمیان ادارہ جاتی سطح کا سب سے اعلیٰ فورم ہے، وزیر خارجہ اسحٰق ڈار نے ماسکو میں ایس سی او اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کی تھی۔
ایف او نے کہا کہ اسحٰق ڈار یورپی یونین کی اعلیٰ نمائندہ برائے خارجہ امور و سیکیورٹی پالیسی کاجا کالاس کی دعوت پر پاکستان-ای یو اسٹریٹجک ڈائیلاگ کے ساتویں اجلاس کی مشترکہ صدارت کریں گے۔
مذاکرات میں پاکستان-یورپی یونین اسٹریٹجک انگیجمنٹ پلان 2019 کے تحت تمام شعبوں میں تعاون کا جائزہ لیا جائے گا۔
یاد رہے کہ آج یورپی یونین کے سفیر ریمنڈس کروبلس نے کہا تھا کہ پاکستان کو جی ایس پی پلس کنونشنز پر عمل درآمد کے لیے مزید اقدامات کرنا ہوں گے۔
ڈان نیوز کے پرواگرام ’دوسرا رُخ‘ میں میزبان نادر گرامانی کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے یورپی یونین کے پاکستان میں سفیر ریمنڈس کروبلس نے کہا تھا کہ جی ایس پی پلس کی آئندہ جائزہ کارروائی سے قبل پاکستان کو اس اسکیم کے تحت کیے گئے اپنے وعدوں پر عمل درآمد کے لیے ’مزید کچھ کرنے‘ کی ضرورت ہے۔













لائیو ٹی وی