• KHI: Sunny 26.7°C
  • LHR: Partly Cloudy 20.3°C
  • ISB: Cloudy 18.7°C
  • KHI: Sunny 26.7°C
  • LHR: Partly Cloudy 20.3°C
  • ISB: Cloudy 18.7°C

بنوں: سی ٹی ڈی اہلکاروں پر فائرنگ، جوابی کارروائی میں 5 دہشتگرد ہلاک، 2 شہری شہید

شائع November 22, 2025
پولیس حکام نے بتایا کہ ہلاک دہشت گردوں سے ہتھیار اور گولا بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔ —فائل فوٹو: سوشل میڈیا
پولیس حکام نے بتایا کہ ہلاک دہشت گردوں سے ہتھیار اور گولا بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔ —فائل فوٹو: سوشل میڈیا

صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں کے علاقے ڈومیل ہلال چوک میں محکمہ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی) کے اہلکاروں پر دہشت گردوں نے فائرنگ کردی، جوابی کارروائی میں سی ٹی ڈی پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے 5 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ پیچھا کرنے والی سی ٹی ڈی کی ٹیم پر حملہ کرنے کے بعد دہشتگردوں نے قریبی گھر میں پناہ لے لی تھی، اطلاع ملنے کے بعد پولیس کی مزید نفری بھی علاقے میں پہنچ گئی، اور دہشت گردوں کے خلاف جوابی کارروائی شروع کی گئی۔

حکام کے مطابق سی ٹی ڈی اور پولیس کی جوابی کارروائی کے دوران دہشت گردوں سے مزاحمت کرنے والے 2 شہری شہید ہوگئے، تاہم فورسز نے دہشت گردوں سے ڈٹ کر مقابلہ کیا، اس دوران جوابی کارروائی میں 5 دہشت گرد مارے گئے، جن کی لاشیں ہسپتال منتقل کی گئی ہیں۔

پولیس حکام نے بتایا ہے کہ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں سے ہتھیار اور گولا بارود بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گردوں میں سے ایک کی شناخت رسول عرف کمانڈر اریانہ کے نام سے ہوگئی ہے، جب کہ دیگر دہشت گردوں کی شناخت کی جا رہی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بنوں کے تھانہ ہوید کی حدود میں رات گئے امن کمیٹی کے دفتر پر نامعلوم افراد نے دھاوا بول دیا تھا، اس دوران اندھادھند فائرنگ سے 7 افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا تھا۔

حملہ آور فائرنگ کے بعد فرار ہوگئے تھے، جن کی تلاش کے لیے پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائی جاری تھی۔

وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بنوں میں امن کمیٹی کے دفتر پر فتنۃ الخوارج کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے حملے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا تھا۔

شہباز شریف اور محسن نقوی نے متعلقہ حکام کو ذمہ داران کا تعین کرکے انہیں قرار واقعی سزا دلوانے کی ہدایت کی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 13 دسمبر 2025
کارٹون : 12 دسمبر 2025