روزانہ صرف 1 سگریٹ پینے سے بھی دل کی بیماریوں کا خطرہ بڑھ جاتا ہے، تحقیق میں انکشاف
حالیہ طبی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ روزانہ صرف ایک سگریٹ پینا بھی آپ کے دل کی صحت پر سنگین اثرات ڈال سکتا ہے۔
طبی ویب سائٹ پر شائع تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ کم شدت والی سگریٹ نوشی بھی آپ کی جلد موت کے خطرے کو 60 فیصد تک بڑھا سکتی ہے۔
تحقیق کے دوران تقریباً 3 لاکھ لوگوں کے 20 سال کے اعداد و شمار کا مطالعہ کیا گیا، جس سے پتہ چلا کہ تھوڑی بہت سگریٹ نوشی کرنے والوں کی صحت کو بھی سگریٹ نوشی کے عادی افراد کی طرح شدید خطرہ ہوتا ہے۔
یہ بھی بتایا گیا کہ سگریٹ نوشی نہ کرنے والے لوگوں کے مقابلے میں سگریٹ نوشی کرنے والوں کے امراض قلب میں مبتلا ہونے کا امکان 50 فیصد زیادہ ہوتا ہے۔
ای سگریٹ استعمال کرنے سے بھی ذیابیطس کا خطرہ بڑھنے کا انکشاف
تحقیق کے مطابق اگر کوئی شخص دن میں 2 سے 5 سگریٹ پیتا ہے تو اس میں دل کی بیماری کا خطرہ نمایاں طور پر بڑھ جاتا ہے اور صرف سگریٹ کی مقدار کم کرنا خطرے کو مکمل طور پر ختم نہیں کرتا۔
ماہرین کے مطابق سگریٹ چھوڑنے سے دل کی صحت پر فوری اور طویل مدتی مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں، جیسے کہ تین سال کے اندر سگریٹ چھوڑنے والے افراد میں موت کے اضافی خطرات میں 90 سے 95 فیصد کمی آ جاتی ہے، اگر کوئی شخص تقریباً 20 سال تک سگریٹ ترک کر دیتا ہے تو اس کا دل ان لوگوں کے مقابلے میں تقریباً 80 فیصد محفوظ رہتا ہے جو سگریٹ نوشی جاری رکھتے ہیں۔
تحقیق سے واضح ہوا کہ کوئی بھی سگریٹ نقصان دہ ہے، صرف کم پینا یا کبھی کبھار پینا محفوظ نہیں ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ بہتر یہ ہے کہ تمباکو نوشی کو مکمل طور پر ترک کیا جائے تاکہ دل اور پورے جسم کی صحت محفوظ رہے۔












لائیو ٹی وی