’ٹچ بٹن‘ دوبارہ بنانے کا موقع ملا تو پرانی کاسٹ کے ساتھ کام نہیں کروں گا، فرحان سعید
اداکار و گلوکار فرحان سعید نے کہا کہ اگر انہیں فلم ’ٹچ بٹن‘ دوبارہ بنانے کا موقع ملا تو وہ پرانی کاسٹ کے ساتھ دوبارہ کام نہیں کریں گے۔
فرحان سعید نے حال ہی میں احمد علی بٹ کے پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنے کیریئر اور فلمی تجربات کے بارے میں کھل کر گفتگو کی۔
فلم ’ٹچ بٹن‘ کی شوٹنگ 2018 میں شروع ہوئی تھی اور اسے 2019 کے اختتام تک ریلیز کرنے کا امکان تھا، لیکن متعدد مسائل کے باعث فلم ریلیز میں تاخیر کا شکار رہی، اس کی مرکزی کاسٹ میں فرحان سعید، سونیا حسین، فیروز خان اور ایمان علی شامل تھے۔
فلم کو طویل تاخیر کے بعد نومبر 2022 میں ریلیز کیا گیا، تاہم باکس آفس پر یہ کامیاب نہیں ہوسکی۔
اس بارے میں بات کرتے ہوئے فرحان سعید نے کہا کہ جب آپ کسی پروجیکٹ سے جڑ جاتے ہیں اور ٹیم کے لوگ مخلص نہ ہوں یا مسائل پیدا ہوں تو پروجیکٹ ناکام ہو جاتا ہے اور فلم کی کاسٹنگ بھی صحیح نہیں تھی۔
’ٹچ بٹن‘ سے مناظر ڈیلیٹ کیے جانے کی وجہ سے فلم اچھی نہیں بنی سکی، سونیا حسین
ان کے مطابق شوٹنگ کے دوران بہت مشکلات آئیں اور غیر پیشہ ور لوگ بھی شامل تھے، ہوسکتا ہے یہ بات لوگوں کو بری لگے، لیکن حقیقت یہی ہے کہ جب انسان کسی پروجیکٹ سے منسلک ہوتا ہے تو اسے اس میں 100 فیصد دینا چاہیے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ شوٹنگ خاص طور پر ننکانہ صاحب میں مائنس ڈگری میں کافی مشکل تھی اور کچھ اداکاروں کی صحت کے مسائل کی وجہ سے بھی مشکلات آئیں، جیسے ایمان علی، جو اکثر بے ہوش ہوجاتی تھیں اور ہمیشہ پی سی لیول کا پروٹوکول چاہتی تھیں، جو ہمیشہ ممکن نہیں ہوتا۔
فرحان سعید نے اپنی ٹیم کے افراد قوی صاحب، گلِ رانا، سہیل صاحب، سمعیہ ممتاز اور راحیلا آغا کو مکمل کریڈٹ دیا اور کہا کہ یہ سب محنتی اور پروفیشنل لوگ تھے، جنہوں نے کبھی یہ ظاہر نہیں کیا کہ وہ بڑے اسٹار ہیں۔
آخر میں انہوں نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ فلم ’ٹچ بٹن‘ کا بٹن ٹچ ہوگیا تھا اور اعتراف کیا کہ پروجیکٹ میں متعدد مسائل اور غلطیاں تھیں اور اگر موقع ملا تو وہ دوبارہ اس کاسٹ کے ساتھ کبھی کام نہیں کریں گے۔












لائیو ٹی وی