• KHI: Clear 24.6°C
  • LHR: Partly Cloudy 17.5°C
  • ISB: Cloudy 13.9°C
  • KHI: Clear 24.6°C
  • LHR: Partly Cloudy 17.5°C
  • ISB: Cloudy 13.9°C

امبانی کے چڑیا گھر کی تحقیقات، بھارت میں جانوروں کی درآمد پر پابندی کی سفارش واپس لے لی گئی

شائع November 23, 2025
گجرات میں 3 ہزار 500 ایکر پر قائم ’وانتارا‘ چڑیا گھر میں تقریباً 2 ہزار اقسام کے جانور موجود ہیں۔
—فائل فوٹو: رائٹرز
گجرات میں 3 ہزار 500 ایکر پر قائم ’وانتارا‘ چڑیا گھر میں تقریباً 2 ہزار اقسام کے جانور موجود ہیں۔ —فائل فوٹو: رائٹرز

اقوام متحدہ کے جنگلی حیات کے تجارتی ادارے نے اتوار کے روز یہ فیصلہ کیا کہ بھارت کو نایاب جانوروں کی درآمد سے نہیں روکا جائے گا، کیوں کہ متعدد ممالک نے اس سخت سفارش کو واپس لینے کی حمایت کی ہے، جس نے ایشیا کے امیر ترین خاندان کے نجی چڑیا گھر کو تنازع میں گھیر لیا تھا۔

’وانتارا‘ گجرات میں 3 ہزار 500 ایکڑ پر مشتمل ایک چڑیا گھر ہے اور ریلائنس گروپ کے فلاحی شعبے کے تحت امبانی خاندان چلاتا ہے، جس کو غیر منافع بخش اور وائلڈ لائف گروپس کی جانب سے بعض جانوروں کی غلط طریقے سے درآمد کے الزامات کا سامنا تھا، جس کے باعث جرمنی اور یورپی یونین نے اس پر سخت نظر رکھنا شروع کی تھی۔

ستمبر میں اس سہولت کا دورہ کرنے کے بعد بین الاقوامی معاہدہ برائے تجارتِ انواعِ معدوم (سائیٹس) کے سیکریٹریٹ نے اس ماہ ایک رپورٹ میں بھارت سے کہا تھا کہ وہ کوئی مزید درآمدی پرمٹ جاری نہ کرے، کیوں کہ برآمد اور درآمد کے اعداد و شمار میں تضادات پائے گئے تھے اور کچھ جانوروں کے ماخذ کے بارے میں مناسب تصدیق موجود نہیں تھی۔

اتوار کے روز ازبکستان میں ہونے والی سائیٹس میٹنگ لائیو اسٹریمنگ کے ذریعے دکھائی گئی تھی، اس میں اس سفارش کو واپس لے لیا گیا ہے، کیوں کہ بھارت، امریکا، جاپان اور برازیل سمیت کئی ممالک نے کہا کہ یہ کارروائی قبل از وقت ہے، اور بعض نے یہ بھی کہا کہ بھارت میں غیر قانونی درآمدات کا کوئی ثبوت موجود نہیں۔

ایسا لگتا ہے کہ اس سفارش کو برقرار رکھنے کے لیے کافی حمایت موجود نہیں، ضرورت پڑنے پر مزید ریگولیٹری اقدامات پر غور کیا جا سکتا ہے۔

CITES ایک عالمی معاہدہ ہے جو نایاب پودوں اور جانوروں کی تجارت کو منظم کرتا ہے، بھارت نے اس سے قبل بھی اقوام متحدہ کی اس سفارش کی مخالفت کی تھی۔

وانتارا نے پہلے کہا تھا کہ وہ شفافیت اور قانونی پابندیوں کے لیے پُرعزم ہے، اس نے فوری طور پر تبصرے کی درخواست کا جواب نہیں دیا۔

وانتارا چڑیا گھر میں دنیا بھر کے جانور موجود

وانتارا چڑیا گھر میں تقریباً 2 ہزار اقسام کے جانور موجود ہیں، جن میں جنوبی افریقہ، وینزویلا اور کانگو جمہوریہ سے درآمد کیے گئے نایاب جانور بھی شامل ہیں، جیسے سانپ، کچھوے، شیر، زرافے اور کانٹے دار دم والی چھپکلیاں وغیرہ۔

بھارت کے نمائندے نے سائیٹس قوانین کی پاسداری کے اپنے عزم کا اعادہ کیا، لیکن بیلجیئم اور کم از کم ایک ادارے (پین افریقن سینکچری الائنس) نے کہا کہ جب تک خدشات دور نہیں ہوتے، بھارت کے لیے برآمدات معطل کی جائیں۔

ستمبر میں بھارتی سپریم کورٹ کی نامزد کردہ ایک تحقیقاتی کمیٹی نے وانتارا کو کسی بھی بے ضابطگی سے بری قرار دیا تھا، جب کہ اس سہولت نے کہا کہ وہ تمام قوانین کی پابندی کرتی ہے۔

یورپی ماحولیات کمشنر جیسیکا روسوال نے اگست میں کہا تھا کہ یورپی یونین کے رکن ممالک بھارت اور اس مخصوص سہولت کی طرف آنے والی برآمدی درخواستوں کا خاص طور پر جائزہ لیں گے۔


کارٹون

کارٹون : 13 دسمبر 2025
کارٹون : 12 دسمبر 2025