وزیراعظم کل بحرین کے دو روزہ دورے پر روانہ ہوں گے
وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف خلیجی ملک بحرین کے ساتھ تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے مقصد سے 26 سے 27 نومبر تک بحرین کا دورہ کریں گے۔
دفتر خارجہ کی جانب سے آج جاری کی گئی پریس ریلیز میں کہا گیا کہ توقع ہے کہ یہ دورہ روایتی طور پر گرمجوش اور دوستانہ تعلقات کو تقویت دے گا، شراکت داری کے نئے راستوں کی نشاندہی کرے گا، اور عوامی سطح پر تعلقات کو مزید گہرا کرے گا، جو باہمی طور پر فائدہ مند تعاون میں معاون ثابت ہو گا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ دفتر خارجہ نے کہا کہ یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان ‘دیرینہ اور کثیر الجہتی تعلقات’ کی توثیق کرتا ہے۔
دفتر خارجہ نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف بحرین کی قیادت کے ساتھ اعلیٰ سطحی ملاقاتیں کریں گے تاکہ تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، ٹیکنالوجی، تعلیم اور ثقافت کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دیا جا سکے۔
ان کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطح کے وفد بھی ہو گا، جس میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحٰق ڈار، وفاقی وزراء اور سینئر افسران شامل ہوں گے۔
ستمبر میں دونوں ممالک نے انسدادِ دہشت گردی، انسدادِ منشیات اور امیگریشن کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا تھا، یہ معاہدہ وزیر داخلہ محسن نقوی اور ان کے بحرینی ہم منصب جنرل راشد بن عبداللہ الخلیفہ کے درمیان ملاقات کے دوران طے پایا تھا۔
دونوں فریقین نے انسدادِ منشیات، انسدادِ دہشت گردی، کوسٹ گارڈ آپریشنز، سرحدی سلامتی، امیگریشن اور پولیس تربیت سمیت متعدد شعبوں میں تعاون کو بڑھانے کے لیے ایک مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کرنے پر بھی اتفاق کیا تھا۔
انہوں نے حوالگی ، باہمی قانونی معاونت اور خصوصی بٹالین کی تربیت سے متعلق مفاہمت کی یادداشتوں (ایم او یوز) پر دستخط کرنے کا بھی فیصلہ کیا تھا۔












لائیو ٹی وی