بلوچستان: مچھ اور مستونگ میں 3 دھماکے، گوادر اور تربت سے 5 لاشیں برآمد
صوبہ بلوچستان کے مچھ ٹاؤن اور مستونگ میں جمعہ کے روز 3 دھماکے ہوئے۔
ڈان اخبار میں شائع خبر کے مطابق پولیس نے بتایا کہ مچھ ٹاؤن میں ایک زوردار دھماکا ہوا، جس میں ایک شخص زخمی ہوا، جب کہ مستونگ میں 2 الگ دھماکوں کی اطلاعات موصول ہوئیں، جس کے بعد فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا۔
پولیس نے بتایا کہ آدا مچھ بازار میں دھماکا نامعلوم شرپسندوں کی جانب سے نصب کردہ دھماکا خیز مواد کی وجہ سے ہوا، جس میں ایک شخص زخمی ہوا اور قریبی دکانوں اور گھروں کی کھڑکیاں ٹوٹ گئیں۔
ادھر مستونگ کے میجر چوک میں 2 دھماکوں کی اطلاعات بھی موصول ہوئیں۔
حکام نے دونوں دھماکوں کی تصدیق کی اور کہا کہ کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، دھماکوں کے بعد مسلح افراد اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا۔
گوادر سے 3 لاشیں ملیں
دریں اثنا ڈان اخبار میں شائع خبر کے مطابق ضلع گوادر کی تحصیل تُمپ کے علاقے میں گولیوں سے چھلنی 3 لاشیں برآمد ہوئیں، جن میں ایک حال ہی میں شادی شدہ شخص کی لاش بھی شامل تھی۔
پولیس کے مطابق، مقامی لوگوں کی اطلاع پر لاشیں 2 مختلف مقامات سے برآمد کی گئیں، جہاں انہیں گومازی اور ڈازان علاقوں میں پھینکا گیا تھا۔
اطلاع ملنے پر پولیس فوراً جائے وقوعہ پر پہنچی اور لاشیں مزید تفتیش کے لیے ہسپتال منتقل کر دی گئیں۔
حال ہی میں شادی شدہ شخص (جس کی شناخت عمران نادِل کے طور پر ہوئی) کو نامعلوم مسلح افراد نے گومازی علاقے میں اس کے گھر سے اغوا کر لیا تھا، بعد میں اس کی لاش ڈازان کراس کے قریب پھینکی گئی، عمران کی شادی صرف ایک ہفتہ پہلے ہوئی تھی۔
مقامی لوگوں نے بتایا کہ عمران کو تاوان کے لیے اغوا کیا گیا اور رقم نہ دینے پر قتل کر دیا گیا، متعدد گولیوں کے زخم اس کی موت کا سبب بنے، شناخت کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کر دی گئی۔
مزید لاشیں برآمد
ادھر تربت کے نواح میں بھی 2 مزید لاشیں برآمد ہوئیں اور ضلعی ہسپتال منتقل کر دی گئیں، ان کی شناخت ابو بکر اور طاہر احمد کے طور پر ہوئی، جو دشت کندان کے علاقوں بالنگر اور شولی کے رہائشی تھے۔
مقامی لوگوں کے مطابق یہ دونوں مرد کئی ہفتوں سے لاپتا تھے۔
میڈیکو-لیگل کارروائی مکمل ہونے کے بعد لاشیں ورثا کے حوالے کر دی گئیں، پولیس ان مقدمات کی تفتیش کر رہی ہے۔












لائیو ٹی وی