ویرات کوہلی کی شاندار سنچری، بھارت کی جنوبی افریقہ کو پہلے ایک روزہ میچ میں شکست
بھارت نے ویرات کوہلی کی ریکارڈ 52ویں ایک روزہ سنچری کی بدولت جنوبی افریقہ کو پہلے مقابلے میں 17 رنز سے شکست دے دی ہے۔
رانچی میں کھیلے گئے پہلے ایک روزہ میچ میں ویرات کوہلی نے شاندار 120 گیندوں پر 135 رنز بنائے اور روہت شرما کے ساتھ دوسری وکٹ کی شراکت میں 136 رنز جوڑ کر بھارت کا 8 وکٹوں کے نقصان پر مجموعہ 349 تک پہنچایا۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے کاربن بوش نے شاندار مزاحمت کرتے ہوئے 51 گیندوں پر 67 رنز بنائے اور آخری لمحوں تک مقابلہ جاری رکھا، 50ویں اوور میں جنوبی افریقہ کو جیت کے لیے 18 رنز درکار تھے جبکہ ایک وکٹ باقی تھی، اس دوران کاربن بوش دوسری گیند پر آؤٹ ہوگئے اور پوری ٹیم 332 رنز پرہمت ہار گئی۔
متھیو بریٹزکے 72 اور مارکو یانسن 70 نے چھٹی وکٹ کی شراکت میں 97 رنز بنا کر میچ کو دوبارہ مقابلے کی پوزیشن میں لایا، اس سے پہلے ٹیم 11 رنز پر 3 کھلاڑیوں کے پویلین واپس لوٹنے اور 77 رنز پر چوتھی وکٹ گرنے پر مشکلات میں دکھائی دے رہی تھی۔
بھارت کی جانب سے کلدیپ یادیو نمایاں باؤلر رہے، انہوں نے 4 وکٹیں 68 رنز دے کر حاصل کیں، مارکو یانسن اور بریٹزکے کی لگاتار وکٹیں حاصل کرنا میچ کا ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوا، جس کے بعد بھارت نے 3 میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔
37 سالہ ویرات کوہلی نے انٹرنیشنل کرکٹ کے تینوں فارمیٹس میں اپنی 83ویں سنچری مکمل کی، انہوں نے مارکو یانسن کی گیند پر باؤنڈری لگا کر اپنی سنچری مکمل کی۔
ویرات کوہلی دنیا میں سب سے زیادہ ون ڈے سنچریاں بنانے والے بیٹر ہیں، دوسرے نمبر پر بھارت کے لیجنڈ سچن ٹنڈولکر ہیں جن کی 49 سنچریاں ہیں۔
بھارت کے لیے صرف ایک روزہ فارمیٹ کھیلنے والے ویرات کوہلی اور 38 سالہ روہت شرما نے ٹیم کی بیٹنگ لائن کو مضبوط کیا، روہت شرما نے 18 رنز پر یشاسوی جیسوال کے آؤٹ ہونے کے بعد اننگز کو سنبھالا، لیکن بعد میں یانسن نے انہیں ایل بی ڈبلیو کردیا، روہت شرما نے اپنی 51 گیندوں کی اننگز میں 3 چھکے لگائے، جس کے ساتھ ان کے ون ڈے کرکٹ میں چھکوں کی تعداد 352 ہوگئی، یوں انہوں نے پاکستان کے شاہد آفریدی کے 351 چھکوں کا ریکارڈ بھی توڑ دیا۔
کوہلی نے جنوری کے بعد اپنی پہلی سنچری مکمل کی اور اس کے فورا بعد جارحانہ کھیل شروع کیا، انہوں نے آف اسپنر پرنینلن سبریان کو ایک اوور میں دو چوکے اور دو چھکے لگا کر 21 رنز لیے۔
ویرات کوہلی آخرکار ناندرے برگر کی گیند پر ریان ریکلٹن کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے، اس سے قبل وہ 11 چوکے اور 7 چھکے لگا چکے تھے، کے ایل راہول نے بھی 56 گیندوں پر 60 رنز بنا کر اسکور کو مزید آگے بڑھایا، جبکہ رویندرا جڈیجا نے 20 گیندوں پر 32 رنز بنائے۔












لائیو ٹی وی