ایشز سیریز کے دوسرے میچ سے پہلے آسٹریلیا کو بڑا دھچکا، عثمان خواجہ بھی باہر
ایشز سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ سے پہلے آسٹریلوی ٹیم کو بڑا دھچکا لگ گیا، کپتان پیٹ کمنز اور فاسٹ باؤلر جوش ہیزل وڈ کے بعد عثمان خواجہ بھی دوسرے ٹیسٹ سے باہر ہوگئے۔
کرکٹ ویب سائٹ ’کرک انفو‘ کے مطابق عثمان خواجہ پرتھ میں کھیلے گئے پہلے میچ میں ہونے والے کمر کی انجری سے مکمل نجات حاصل نہ کرسکے، خواجہ نے انجری کے بعد پہلی مرتبہ منگل کے روز 30 منٹ کے نیٹ سیشن میں بیٹنگ کی، تاہم وہ ٹیم میں اپنی جگہ برقرار رکھنے کے قابل نہیں ہو پائے۔
عثمان خواجہ کی غیر موجودگی سے ٹریوس ہیڈ کے لیے اوپننگ رول جاری رکھنے کے دروازے کھل گئے ہیں، انہوں نے پرتھ میں دوسری اننگز میں 83 گیندوں پر 123 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
عثمان خواجہ کی غیر موجودگی میں جوش انگلس اور بیو ویبسٹر اسکواڈ میں اضافی بیٹنگ آپشنز ہیں۔
تاہم، پرتھ کے بعد ٹرویس ہیڈ یہ واضح کر چکے ہیں کہ وہ مستقل طور پر اوپننگ کرنے کے لیے تیار ہیں، تاہم اب بھی یہ بحث جاری ہے کہ وہ نمبر 5 پر زیادہ قیمتی ہیں۔
ایشز سیریز سے قبل بھی عثمان خواجہ کی فارم زیرِ بحث تھیم وہ 2023 ایشیز کے اختتام کے بعد سے وہ 31.84 کی اوسط رکھتے ہیں اور 45 اننگز میں صرف ایک سنچری اسکور کر سکے ہیں۔
دوسری جانب، ہیڈ کے بطور اوپنر شاندار کارکردگی اور اس کردار کے لیے ان کی دلچسپی نے یہ بحث چھیڑ دی ہے کہ کیا اب خواجہ کے ٹیسٹ کیریئر کے اختتام پر غور کرنے کا وقت آگیا ہے؟
اگر ہیڈ دوبارہ اوپننگ کرتے ہیں اور کامیاب رہتے ہیں، اور جو بھی کھلاڑی خواجہ کی جگہ الیون میں شامل ہوگا وہ بھی اچھا پرفارم کرے، تو خواجہ کی واپسی بہت مشکل ہو سکتی ہے۔
ادھر انگلش ٹیم سے بھی مارک ووڈ انجری کی وجہ سے دوسرے ٹیسٹ میچ سے باہر ہوگئے ہیں۔
واضح رہے کہ ایشز سیریز میں آسٹریلیا کو 0-1 کی برتری حاصل ہے، دونوں ٹیموں کے درمیان ایشز سیریز کا دوسرا ٹیسٹ 4 دسمبر سے ایڈیلیڈ میں شروع ہوگا۔












لائیو ٹی وی