جولائی سے اکتوبر کے دوران خدمات کی برآمدات میں 16 فیصد اضافہ
پاکستان کی خدمات کی برآمدات موجودہ مالی سال کے پہلے 4 مہینوں میں پچھلے سال کے مقابلے میں 15.95 فیصد بڑھیں، جس کی بنیادی وجہ ٹیلی کمیونی کیشن، کمپیوٹر اور انفارمیشن سروسز ہیں۔
ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق ادارہ شماریات پاکستان کے مرتب کردہ مالیاتی اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ موجودہ مالی سال کے آغاز سے خدمات کی برآمدات ایک مستقل بڑھتے ہوئے رجحان میں رہی ہیں، جولائی میں 18.27 فیصد، اگست میں 8.41 فیصد، ستمبر میں 14.85 فیصد اور اکتوبر میں 17.61 فیصد اضافہ ہوا۔
مالی سال 2026 میں جولائی تا اکتوبر خدمات کی برآمدات 3.034 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں، جو پچھلے سال کے اسی عرصے میں 2.617 ارب ڈالر تھیں، روپے کے لحاظ سے برآمدات 17.67 فیصد بڑھ کر 856.799 ارب روپے ہو گئیں، جو پچھلے سال کے 728.119 ارب روپے تھے، جس سے واضح ہوتا ہے کہ موجودہ مالی سال میں خدمات کی برآمدات مسلسل بڑھ رہی ہیں۔
اکتوبر میں خدمات کی برآمدات 82 کروڑ 50 لاکھ 98 ہزار ڈالر رہیں، جو پچھلے سال کے اسی مہینے کے 70 کروڑ 20لاکھ 29 ہزار ڈالر کے مقابلے میں 17.61 فیصد زیادہ ہیں، ماہ بہ ماہ بنیاد پر خدمات کی برآمدات میں 2.45 فیصد اضافہ ہوا۔
فروری 2024 سے خدمات کی برآمدات میں اضافہ دیکھا گیا، جس کی بڑی وجہ انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دیگر کاروباری خدمات کی برآمدات ہیں، البتہ اگست 2024 میں 6.50 فیصد کمی بھی دیکھی گئی تھی۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعداد و شمار کے مطابق ٹیلی کمیونی کیشن، کمپیوٹر اور انفارمیشن سروسز کی برآمدات 19.55 فیصد بڑھ کر 1.443 ارب ڈالر ہو گئیں، جو پچھلے سال 1.207 ارب ڈالر تھیں، دیگر کاروباری خدمات کی برآمدات 20.86 فیصد بڑھ کر 64 کروڑ 30 لاکھ ڈالر ہو گئیں، جو پچھلے سال 53 کروڑ 20 لاکھ ڈالر تھیں۔
ٹرانسپورٹ خدمات کی برآمدات میں 3.88 فیصد کمی ہوئی، جو 27 کروڑ 20 لاکھ ڈالر رہیں، پچھلے سال 28 کروڑ 30 لاکھ ڈالر تھیں، سفری خدمات کی برآمدات 7.07 فیصد بڑھ کر 24کروڑ 20 ملین ڈالر ہوئیں، جو پچھلے سال 22 کروڑ 60 لاکھ ڈالر تھیں۔
اسی دوران خدمات کی درآمدات میں 12 فیصد اضافہ ہوا اور یہ 4.195 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں، جو پچھلے سال 3.746 ارب ڈالر تھیں، ماہ بہ ماہ درآمدات میں 3.97 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔ اکتوبر میں ماہانہ بنیاد پر خدمات کی درآمدات 12.81 فیصد بڑھ کر 1.050 ارب ڈالر ہو گئیں، 4 ماہ کے دوران تجارتی خسارہ 2.84 فیصد بڑھ کر 1.161 ارب ڈالر ہو گیا، جو پچھلے سال 1.129 ارب ڈالر تھا۔












لائیو ٹی وی