پاکستان سے جنگ ہارنے کا اعتراف، کانگریس رہنما کے بیان پر بی جے پی سیخ پا
نئی دہلی: بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے کانگریس کے سینئر رہنما اور مہاراشٹرا کے سابق وزیرِ اعلیٰ پرتھوی راج چوہان کے بھارتی فضائیہ اور ’آپریشن سندور‘ سے متعلق بیانات پر سخت ردِعمل دیا اور کہا کہ کانگریس پارٹی ’بھارتی مسلح افواج سے نفرت کرتی ہے‘۔
پرتھوی راج چوہان، جنہوں نے مراٹھی زبان میں گفتگو کی، پونے میں پارٹی کارکنان کے ایک اجلاس سے خطاب کر رہے تھے، جہاں انہوں نے بڑی فوج برقرار رکھنے کی ضرورت پر بھی سوال اٹھایا اور کہا کہ مستقبل کی جنگیں فضا میں لڑی جائیں گی۔
’آپریشن سندور‘ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا: ’پہلے ہی دن ہمیں مکمل شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ سات (مئی) کو ہونے والی فضائی لڑائی، جو صرف آدھے گھنٹے تک جاری رہی، میں ہمیں مکمل طور پر شکست ہوئی، چاہے کوئی مانے یا نہ مانے۔ اس دن بھارتی طیارے مار گرائے گئے اور پوری بھارتی فضائیہ کو گراؤنڈ کر دیا گیا۔ اس کے بعد ایک بھی طیارہ نہیں اڑا، کیونکہ گوالیار، بھٹنڈہ یا سرسا سے جب بھی کوئی طیارہ اڑتا، اسے پاکستان کی جانب سے مار گرائے جانے کا شدید خطرہ ہوتا۔ اسی وجہ سے پوری فضائیہ کو گراؤنڈ کر دیا گیا‘
بی جے پی کے ترجمان شہزاد پونا والا نے ایکس پر اپنی پوسٹ میں پرتھوی راج چوہان کے ان ’حیران کن اور متنازع بیانات‘ پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’کانگریس بھارتی مسلح افواج سے نفرت کرتی ہے، فوج کی تضحیک ہی کانگریس کی پہچان ہے‘۔
واضح رہے کہ پرتھوی راج چوہان نے یونیورسٹی آف کیلیفورنیا، برکلے سے مکینیکل انجینئرنگ میں گریجویشن کیا۔ انہوں نے امریکا میں اینٹی سب میرین وارفیئر کے لیے طیارہ جاتی آلات اور آڈیو ریکارڈرز کی ڈیزائننگ کے شعبے میں بھی کام کیا، اس کے بعد 1974 میں بھارت واپس آ کر بطور کاروباری شخصیت اپنے کیریئر کا آغاز کیا۔
وہ راجیو گاندھی سے ملاقات کے بعد سیاست کی جانب مائل ہوئے۔ اپنی عملی زندگی کے بیشتر حصے میں وہ انڈین نیشنل کانگریس کی سیاست سے وابستہ رہے ہیں۔












لائیو ٹی وی