• KHI: Partly Cloudy 26.1°C
  • LHR: Partly Cloudy 17°C
  • ISB: Rain 16.6°C
  • KHI: Partly Cloudy 26.1°C
  • LHR: Partly Cloudy 17°C
  • ISB: Rain 16.6°C

غزہ میں فوج بھیجنے کی پیشکش پر پاکستان کے شکر گزار ہیں، امریکی وزیر خارجہ

شائع December 20, 2025 اپ ڈیٹ December 20, 2025 03:10pm
مارکو روبیو کے مطابق فورس کے مینڈیٹ، کمانڈ اسٹرکچر اور فنڈنگ کے انتظامات سے متعلق اہم امور پر تاحال غور جاری ہے۔فائل فوٹو: سوشل میڈیا
مارکو روبیو کے مطابق فورس کے مینڈیٹ، کمانڈ اسٹرکچر اور فنڈنگ کے انتظامات سے متعلق اہم امور پر تاحال غور جاری ہے۔فائل فوٹو: سوشل میڈیا

امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان نے غزہ کے لیے مجوزہ انٹرنیشنل اسٹیبلائزیشن فورس (آئی ایس ایف) میں شمولیت قبول کر لی ہے تاہم انہوں نے فوجی دستوں کی حتمی تعیناتی کی تصدیق سے گریز کیا۔

گزشتہ منگل کو پاکستان نے قطر میں ہونے والی ایک کانفرنس میں شرکت کی، جس کی میزبانی امریکی سینٹرل کمانڈ نے کی۔ کانفرنس میں آئی ایس ایف کے کمانڈ اسٹرکچر اور دیگر زیرِ التوا آپریشنل معاملات پر بات چیت ہوئی۔ اس اجلاس میں تقریباً 45 ممالک شریک تھے، جن میں پاکستان بھی شامل تھا۔

اس سوال کے جواب میں کہ آیا واشنگٹن کو غزہ میں امن سازی کے لیے فوجی دستے تعینات کرنے پر پاکستان کی رضامندی مل چکی ہے، روبیو نے کہا کہ ’امریکا پاکستان کا بے حد شکر گزار ہے کہ اس نے اس عمل کا حصہ بننے کی پیشکش کی، یا کم از کم اس پر غور کرنے کی آمادگی ظاہر کی‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی ملک سے باضابطہ وعدہ لینے سے قبل مزید وضاحت درکار ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے پورا یقین ہے کہ ہمارے پاس ایسے کئی ممالک موجود ہیں جو تمام فریقوں کے لیے قابلِ قبول ہیں اور اس استحکام فورس کا حصہ بننے کے لیے تیار ہیں اور اگر پاکستان اس پر متفق ہو جاتا ہے تو وہ یقیناً ایک اہم ملک ہوگا۔

مارکو روبیو کے مطابق فورس کے مینڈیٹ، کمانڈ اسٹرکچر اور فنڈنگ کے انتظامات سے متعلق اہم امور پر تاحال غور جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ میرا خیال ہے کہ اگلا قدم بورڈ آف پیس اور فلسطینی ٹیکنوکریٹک گروپ کے اعلان کا ہے، جو روزمرہ حکمرانی میں مدد فراہم کرے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ جب یہ نظام قائم ہو جائے گا تو اس کے بعد اسٹیبلائزیشن فورس کو حتمی شکل دینا ممکن ہوگا، جس میں یہ طے کیا جائے گا کہ اس کی مالی معاونت کیسے ہوگی، قواعد کیا ہوں گے اور ڈی ملٹریائزیشن میں اس کا کردار کیا ہوگا۔

امریکی محکمۂ خارجہ نے مجوزہ فورس کے لیے فوجی دستوں یا مالی معاونت کے حصول کی غرض سے باضابطہ طور پر 70 سے زائد ممالک سے رابطہ کیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق اب تک 19 ممالک نے فوج، لاجسٹکس یا آلات کی فراہمی کے ذریعے تعاون پر آمادگی ظاہر کی ہے جبکہ غزہ میں بین الاقوامی تعیناتی آئندہ ماہ کے اوائل میں شروع ہو سکتی ہے۔

سفارتی ذرائع نے ڈان کو بتایا کہ پاکستان آئی ایس ایف کے تحت تین ہزار پانچ سو فوجی تعینات کرنے پر غور کر رہا ہے۔

مارکو روبیو کے یہ بیانات ایک دن بعد سامنے آئے، جب پاکستان نے اپنا سرکاری مؤقف واضح کیا۔ وزارتِ خارجہ کے ترجمان طاہر اندرابی نے کہا کہ اسلام آباد نے تاحال آئی ایس ایف کے لیے فوجی دستے فراہم کرنے کا فیصلہ نہیں کیا اور یہ کہ بات چیت ابھی ابتدائی مرحلے میں ہے۔

غزہ کی پٹی دو برس سے جاری اسرائیلی حملوں کے بعد بڑی حد تک کھنڈرات میں تبدیل ہو چکی ہے۔

واضح رہے کہ ستمبر میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 20 نکاتی امن منصوبہ پیش کیا تھا، جس نے اکتوبر میں اسرائیل اور حماس کے درمیان طے پانے والے امن معاہدے کی بنیاد رکھی۔

امریکا کی ثالثی میں ہونے والے غزہ امن معاہدے کا ایک بنیادی ستون آئی ایس ایف کا قیام تھا، جو زیادہ تر مسلم اکثریتی ممالک کے فوجی دستوں پر مشتمل ہوگی۔

نومبر میں اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل نے امریکا کے تیار کردہ مسودے پر مبنی قرارداد منظور کی، جس میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے غزہ تنازع کے خاتمے کے منصوبے کی توثیق کی گئی اور فلسطینی علاقے میں آئی ایس ایف کی تعیناتی کی اجازت دی گئی۔

سلامتی کونسل کے 13 ارکان، جن میں پاکستان بھی شامل تھا، نے قرارداد کے حق میں ووٹ دیا، جبکہ روس اور چین نے رائے شماری میں حصہ نہیں لیا۔ تاہم حماس نے قرارداد کو مسترد کیا اور ایک ایسے بین الاقوامی فورس کے قیام پر بھی تنقید کی، جس کے مشن میں غزہ میں فلسطینی مزاحمتی گروہوں کو غیر مسلح کرنا شامل ہے۔

رائٹرز سے بات کرنے والے دو امریکی حکام کے مطابق اقوامِ متحدہ کی منظوری سے بین الاقوامی فوجی دستے آئندہ ماہ کے اوائل میں غزہ کی پٹی میں تعینات کیے جا سکتے ہیں، تاہم یہ تاحال واضح نہیں کہ فلسطینی حماس کو کس طرح غیر مسلح کیا جائے گا۔

1000 حروف

معزز قارئین، ہمارے کمنٹس سیکشن پر بعض تکنیکی امور انجام دیے جارہے ہیں، بہت جلد اس سیکشن کو آپ کے لیے بحال کردیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 20 دسمبر 2025
کارٹون : 18 دسمبر 2025