• KHI: Sunny 27.9°C
  • LHR: Partly Cloudy 21°C
  • ISB: Partly Cloudy 18.1°C
  • KHI: Sunny 27.9°C
  • LHR: Partly Cloudy 21°C
  • ISB: Partly Cloudy 18.1°C

بھارت میں خوفناک حادثہ، مسافر ٹرین نے 7 ہاتھیوں کو کچل ڈالا

شائع December 20, 2025
لوکو پائلٹ نے ہاتھیوں کے ریوڑ کو دیکھتے ہی ایمرجنسی بریک لگائے، تاہم ہاتھی ٹرین سے ٹکرا گئے۔ فوٹو: رائٹرز
لوکو پائلٹ نے ہاتھیوں کے ریوڑ کو دیکھتے ہی ایمرجنسی بریک لگائے، تاہم ہاتھی ٹرین سے ٹکرا گئے۔ فوٹو: رائٹرز

بھارت کے شمال مشرقی علاقے میں ایک مسافر ٹرین ہاتھیوں کے ایک ریوڑ سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں 7 ہاتھی موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔

آسام ریاست میں پیش آنے والے اس حادثے میں کسی مسافر کو نقصان نہیں پہنچا۔ آسام بھارت میں موجود تقریباً 22 ہزار جنگلی ہاتھیوں میں سے 4 ہزار سے زائد کا مسکن ہے۔

آسام پولیس کے سینئر افسر وی وی راکیش ریڈی نے اے ایف پی کو بتایا کہ 7 ہاتھی ہلاک ہوئے جبکہ ایک ہاتھی زخمی ہوا۔

حادثے کے باعث ٹرین کی پانچ بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں۔ یہ ٹرین دور دراز ریاست میزورم سے نئی دہلی جا رہی تھی۔

انڈین ریلوے کے ترجمان کپل کشن شرما کے مطابق ہاتھیوں کی آمد و رفت کے لیے مختص راہداریوں (ایلیفینٹ کوریڈورز) پر رفتار کی پابندیاں عائد کی گئی ہیں، تاہم تازہ حادثہ ان علاقوں سے باہر پیش آیا۔

انہوں نے کہا کہ لوکو پائلٹ نے ہاتھیوں کے ریوڑ کو دیکھتے ہی ایمرجنسی بریک لگائے، تاہم ہاتھی ٹرین سے ٹکرا گئے۔

ماہرین کے مطابق جنگلات کی کٹائی اور ہاتھیوں کے قدرتی مسکن کے قریب تعمیراتی سرگرمیوں کے باعث یہ جانور خوراک کی تلاش میں مزید دور نکلنے پر مجبور ہو رہے ہیں، جس سے انسانوں کے ساتھ ان کے تصادم کے واقعات بڑھ رہے ہیں۔

پارلیمانی اعداد و شمار کے مطابق 2023-2024 کے دوران بھارت بھر میں ہاتھیوں کے حملوں کے نتیجے میں 629 افراد ہلاک ہوئے۔

کارٹون

کارٹون : 4 فروری 2026
کارٹون : 3 فروری 2026