متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان پاکستان پہنچ گئے
وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان جمعے کی دوپہر ایک روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہےکہ یو اے ای کے صدرکے ہمراہ وزرا اور سینئرحکام پرمشتمل اعلیٰ سطح کا وفد بھی پاکستان آیا ہے، دورے کے دوران دوطرفہ تعلقات، خطے اور عالمی سطح کے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ صدر یو اے ای کا دورہ پاکستان دونوں ممالک کے درمیان طویل المدتی برادرانہ و دیرینہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے، یہ دورہ تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، ترقی اور علاقائی استحکام کو مزید تقویت بخشےگا۔
شیخ محمد بن زید النہیان، صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف سمیت اعلیٰ شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے۔
قبل ازیں دفترِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ اس دورے کی دعوت متحدہ عرب امارات کے صدر کو وزیرِ اعظم شہباز شریف نے دی تھی۔
واضح رہے کہ صدر متحدہ عرب امارات کے دورہ پاکستان کے تناظر میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مقامی سطح پر عام تعطیل کا اعلان کردیا گیا ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے بھی آج چھٹی کا اعلان کردیا ہے، رجسٹرار اسلام آباد ہائیکورٹ کے نوٹیفکیشن کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ اور اسلام آباد ڈسٹرکٹ کورٹس 26 دسمبر کو بند رہیں گے۔
دوسری جانب اسلام آباد کی ٹریفک پولیس نے بھی سیکیورٹی کے سبب روٹس لگانے کا پیشگی اعلان کر رکھا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق پاکستان متحدہ عرب امارات کو اپنے قریبی معاشی اور علاقائی اتحادیوں میں شمار کرتا ہے۔ امارات اسلام آباد کا چین اور امریکا کے بعد تیسرا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے۔
پاکستان کی نظریں خلیجی ریاستوں کے ساتھ تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو بڑھانے پر مرکوز ہیں اور دونوں ممالک نے حال ہی میں اربوں ڈالر کے معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔
جنوری 2024 میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات نے ریلوے، اقتصادی زونز اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں تعاون کے لیے تین ارب ڈالر سے زائد کے متعدد معاہدوں پر دستخط کیے تھے۔












لائیو ٹی وی