اسٹاک ایکسچینج میں 1500 پوائنٹس کا ریکارڈ اضافہ
کراچی: پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں سال کے آخری ہفتے کے آغاز پر زبردست تیزی دیکھی گئی جس کے نتیجے میں کاروبار کے ابتدائی سیشن میں کے ایس ای 100 انڈیکس ملکی تاریخ میں پہلی بار ایک لاکھ 74 ہزار کی تاریخی سطح عبور کرگیا۔
ٹریڈنگ کے دوران سرمایہ کاروں کی جانب سے بھرپور خریداری کا سلسلہ جاری رہا جس کے نتیجے میں ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر 100 انڈیکس ایک لاکھ 74 ہزار کی بلند سطح عبور کرتے ہوئے ایک لاکھ 74 ہزار 411 پوائنٹس پر جاپہنچا تھا، بعدازاں تیزی میں معمولی کمی دیکھی گئی۔
اہم شعبوں میں بھرپور خریداری کا رجحان دیکھا جارہا ہے، جن میں آٹو موبائل اسمبلرز، سیمنٹ، کمرشل بینک، کھاد، تیل و گیس کی تلاش و پیداوار کرنے والی کمپنیاں، آئل مارکیٹنگ کمپنیاں (او ایم سیز)، بجلی کی پیداوار اور ریفائنریز شامل ہیں۔
اے آر ایل، حبکو، ماری، او جی ڈی سی، پی پی ایل، پول، ایچ بی ایل، میزان بینک، اور ایم سی بی بھی مثبت زون میں دکھائی دیے۔
بعدازاں منافع کا رجحان غالب آگیا جس سے انڈیکس دن کی کم ترین سطح 173,200 پوائنٹس تک گرگیا، تاہم یہ کمی زیادہ دیر برقرار نہ رہی کیونکہ دوبارہ خریداری کے رجحان نے مارکیٹ کو نقصان سے نکالا اور سیشن کے باقی حصے میں محدود حد کے اندر ٹریڈنگ جاری رہی۔
کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 1,495.61 پوائنٹس یا 0.87 فیصد اضافے سے ایک لاکھ 73 ہزار 8 سو 96 پوائنٹس پربند ہوا۔
گزشتہ ہفتے پاکستان کی ایکویٹی مارکیٹ تاریخی سطح پر بند ہوئی جہاں بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس اپنی ریکارڈ ساز تیزی کو جاری رکھتے ہوئے 172,400 پوائنٹس پر بند ہوا، جو ہفتہ وار بنیاد پر 0.6 فیصد اضافے کو ظاہر کرتا ہے۔
واضح رہے کہ عالمی سطح پر پیر کو ایشیائی اسٹاک مارکیٹس چھ ہفتوں کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں جبکہ آئندہ سال فیڈرل ریزرو کی جانب سے شرحِ سود میں کمی کی توقعات کے باعث ڈالر تقریباً تین ماہ کی کم ترین سطح کے قریب منڈلاتا رہا جس کے نتیجے میں قیمتی دھاتوں میں بھی زبردست تیزی دیکھنے میں آئی۔












لائیو ٹی وی