گلگت بلتستان: برفانی تودے کی زد میں آ کر پاک فوج کے دو جوان اور ایک شہری شہید
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ہفتے کے روز گلگت بلتستان کے برزل پاس میں برفانی تودے کی زد میں آ کر پاک فوج کے دو اہلکار اور ایک شہری مشین آپریٹر شہید ہو گئے۔
آئی ایس پی آر نے بیان میں کہا کہ برف صاف کرنے کا آپریشن کیپٹن اسمد گلفام کی قیادت میں جمعہ 2 جنوری کی رات شروع کیا گیا، جو ہفتے کی صبح تک جاری رہا، تاکہ علاقے میں فوجی نقل و حرکت کو ممکن بنایا جا سکے۔
بیان کے مطابق 3 جنوری 2026 کو رات تقریباً دو بجے، جب مذکورہ آپریشن جاری تھا، اچانک برفانی تودہ گرنے سے 28 سالہ کیپٹن اسمد جو لاہور کے رہائشی تھے، 32 سالہ سپاہی رضوان جو اٹک کے رہائشی تھے اور ایک شہری مشین آپریٹر برف تلے دب گئے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ چار افراد کو برف سے زندہ نکال لیا گیا، تاہم کیپٹن اسمد گلفام، سپاہی رضوان اور مشین آپریٹر عیسیٰ کو استور کے رہائشی تھے، شہید ہوگئے۔
بیان میں کہا گیا کہ ان افراد نے انتہائی خراب موسمی حالات میں ایک مشکل آپریشن کی قیادت کرتے ہوئے افواج کی آپریشنل نقل و حرکت کو یقینی بنانے کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ان کی قربانی اور فرض شناسی اس امر کی گواہی ہے کہ پاک فوج کے تمام افسران اور جوان مادر وطن کے دفاع کے لیے پرعزم ہیں اور فرض کی ادائیگی میں جان قربان کرنے سے بھی دریغ نہیں کریں گے۔











لائیو ٹی وی