قومی سلامتی کو درپیش خطرات پر ’زیرو ٹالرنس‘ پالیسی ہے، فیلڈ مارشل عاصم منیر
چیف آف ڈیفنس فورسز (سی ڈی ایف) اور چیف آف آرمی اسٹاف (سی او اے ایس) فیلڈ مارشل عاصم منیر نےکہا ہے کہ قومی سلامتی کو درپیش کسی بھی خطرے پر پاک فوج میں زیرو ٹالرنس ہے۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سی ڈی ایف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے یہ ریمارکس لاہور گیریژن کے دورے کے دوران افسران سے خطاب کرتے ہوئے دیے۔
آرمی چیف کو فارمیشن کی آپریشنل اور جنگی تیاریوں کے بارے میں جامع بریفنگ دی گئی، جبکہ انہیں تربیتی مشقوں، جدید ٹیکنالوجیز اور فوجی سہولیات سے بھی آگاہ کیا گیا۔
بیان میں کہا گیا کہ انہوں نے پیشہ ورانہ مہارت اور عزم کے ساتھ ابھرتے ہوئے چیلنجوں کا جواب دینے کے فوجی عزم کا اعادہ بھی کیا۔
جنرل عاصم منیر نے کہا کہ مسلح افواج پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور اندرونی استحکام کے تحفظ کے لیے پرعزم ہیں، جبکہ نظم و ضبط اور بے لوث قومی خدمت کو فروغ دے رہی ہیں۔
کمانڈرلاہور نے سی ڈی ایف کا استقبال کیا اور انہیں فارمیشن کی آپریشنل تیاریوں، تربیتی معیارات اور جنگی کارکردگی کو بڑھانے کے لیے کلیدی اقدامات پر جامع بریفنگ دی گئی۔
بیان میں مزید بتایا گیا کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے ایک خصوصی فیلڈ ٹریننگ ایکسرسائز کا مشاہدہ کیا جس میں جدید ترین ٹیکنالوجیز کی نمائش کی گئی، جو کہ مستقبل کے متحرک میدان جنگ کے مطابق اختراع اور موافقت پر فوج کی طاقت کو اجاگر کرتی ہے۔
بیان کے مطابق انہوں نے جوانوں کو فراہم کی جانے والی کھیلوں اور تفریحی سہولیات کا بھی معائنہ کیا، اور جسمانی فٹنس، حوصلہ اور مجموعی فلاح و بہبود کو برقرار رکھنے میں ان کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
سی ڈی ایف فیلڈ مارشل منیر نے کمبائنڈ ملٹری ہسپتال (سی ایم ایچ) لاہور میں ایک کیئر سینٹر کا بھی دورہ کیا اور مکمل لیس، جدید ترین طبی سہولت کے قیام میں طبی عملے اور انتظامیہ کی کوششوں کو سراہا۔
واضح رہے کہ سی ڈی ایف کے یہ ریمارکس فوجی ترجمان کے اس بیان کے بعد سامنے آئے ہیں جس میں کہا گیا تھا کہ افغانستان دہشت گردوں اور غیر ریاستی عناصر کا گڑھ بن چکا ہے ۔
ایک طویل پریس کانفرنس میں انہوں نے افغانستان کے ساتھ بگڑتے ہوئے تعلقات، بھارت کی جانب سے دیکھی جانے والی جارحیت کے ساتھ ساتھ خیبر پختونخوا حکومت اور عمران خان کا نام لیے بغیر ان پر کے بارے میں بھی طویل گفتگو کی تھی۔
گزشتہ ماہ فوج کی اعلیٰ قیادت نے سیاسی قوتوں کو احتجاج یا بیان بازی کے ذریعے قومی یکجہتی کو نقصان پہنچانے کے خلاف بھی متنبہ کیا تھا، اس کے علاوہ دہشت گردی میں ملوث بھارت کے زیرِ سرپرستی مبینہ پراکسیوں سے سختی سے نمٹنے کا عہد کیا تھا۔











لائیو ٹی وی