افغانستان: نیٹو فضائی حملہ، پانچ شہری ہلاک
جلال آباد: مشرقی افغانستان میں ہفتے کے روز ایک نیٹو فضائی حملے کے دوران تین بچوں سمیت کم از کم پانچ شہری ہلاک ہوگئے ہیں۔
صوبائی پولیس کے ترجمان حضرت حسین نے اے ایف پی کو بتایا کہ 12 سے 20 سال کے درمیان یہ شہری اس وقت ہلاک ہوئے جب وہ جلال آباد سے چند کلو میٹر دور سراچہ کے علاقے میں پرندوں کا شکار کررہے تھے۔
ایک نیٹو ترجمان نے بتایا کہ وہ حملے سے آگاہ ہیں تاہم انہوں نے ہلاکتوں کی تصدیق نہیں کی۔
ترجمان کا کہنا تھا 'گزشتہ رات 12 سے 20 سال کے پانچ شہری رات گیارہ بجے کے قریب جلال آباد سے آٹھ کلو میٹر دور ایئر گنز کے ذریعے پرندوں کا شکار کرنا چاہتے تھے تاہم انہیں غیر ملکی فوجوں کی جانب سے ہدف بنایا گیا۔'
انہوں نے کہا کہ انکی لاشوں کو مرکزی ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
ایک اور صوبائی ترجمان احمد ضیا عبدالزئی نے بھی ہلاکتوں کی تصدیق کردی۔
ننگر ہار کے ڈپارٹمنٹ برائے تعلیم کے ترجمان محمد عاطف نے بتایا کہ ہلاک ہونے والوں میں سے تین بچے تھے جن میں سے دو آپس میں بھائی تھے۔
خیال رہے گزشتہ ماہ بھی نیٹو کے ایک فضائی حملے کے دوران کم از کم 16 بشمول خواتین اور بچے ہلاک ہوگئے تھے۔
2001ء میں افغانستان پر امریکی حملے کے بعد سے جنگ کا شکار اس ملک میں ہزاروں شہری مارے جاچکے ہیں جبکہ نیٹو کے فضائی حملے عوام میں انتہائی غیر مقبول ہیں اور افغان حکومت اور دیگر ممالک کے درمیان کشیدگی کا بھی باعث بنتے ہیں۔